Friday, May 10, 2024

لاہور پولیس میں رشوت لیکر ڈیوٹیاں لگوانے،کینٹین چلانے کا انکشاف

لاہور پولیس میں رشوت لیکر ڈیوٹیاں لگوانے،کینٹین چلانے کا انکشاف
January 15, 2020
لاہور ( روزنامہ 92 نیوز)  لاہور پولیس میں کرپشن کیس کا نیا سکینڈل سامنے آگیا، پولیس کو بدنامی سے بچانے کیلئے آئی جی پنجاب اور دیگر پولیس افسران کو بھجوائی گئی درخواستوں پر ابتدائی تحقیقات کے بعد معاملہ ٹھپ کردیا گیا ۔ سکینڈل میں سینئر پولیس آفیسر شامل ہیں جو پولیس رولز کے برعکس عرصہ دراز سے ایک ہی عہدے پر فائز ہیں ، ذرائع کے مطابق شہر کے داخلی او رخارجی راستوں پر تعیناتی اور گھر بھجوانے سمیت کرپشن کے معاملات کے حوالے سے آئی جی سمیت سی سی پی او لاہور کو درخواستیں بھجوائی گئیں ۔ درخواست میں الزام عائد کیا گیا ایس پی ہیڈکواٹرز  کا کارخاص سب انسپکٹر ریاض جو کرپشن میں دو مرتبہ نوکری سے برخاست ہوچکا تھا کو اثر ورسوخ سے نہ صرف بحال کرایا گیا بلکہ اسے مجاہد سکواڈ کی اہم برانچ او ایس آئی میں تعینات کرایا گیا، اس نے ایک ہیڈکانسٹیبل انور شاہ کو پولیس لائن میں سرکاری بیرک میں موجود کنٹین کا ٹھیکہ دیا ہوا تھا، یہ ہیڈ کانسٹیبل اپنی تنخواہ وصول کرنے کے ساتھ کینٹین چلا کر بھی کمائی کرتا اور او ایس آئی ریاض کو دیتا  ایک حصہ ایس پی ہیڈ کوارٹرز  کو جاتا۔ پولیس انٹرنل اکاؤنٹیبلٹی برانچ نے تحقیقات کیں تو کینٹین بند کرادی گئی، او ایس آئی ریاض نے اپنے کارخارص ہیڈکانسٹیبل دلاور کو محرر سپیشل سکواڈ لگوایا ،ہیڈکانسٹیبل شاہد بیگ کو محرر سٹی، ہیڈکانسٹیبل عمران کو محرر صدر ڈویژن مجاہد سکواڈتعینات کرایا، ان کے ذریعہ مجاہد سکواڈ کے بعض انسپکٹر ، سب انسپکٹر اور اے ایس آئی ، ہیڈکانسٹیبل اورکانسٹیبل کو ڈیوٹی کی بجائے آرام کے لئے گھربھجوایا جاتا رہا ،انکوائری شروع ہوئی تو ایس پی نے اپنے آپ کو بچانے کے لئے اس پر محکمانہ ایکشن رکوا دیا اور موقف اختیار کیا کہ یہ درخواستیں بے بنیاد ہیں ۔ ریاض سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے کہا اب کنٹین ختم ہوگئی ،درخواستیں گمنام تھیں اس لئے مزید ایکشن نہ لیا گیا۔