Friday, March 29, 2024

لاہور پولیس میں بھی مسلح افواج کی طرز پر کورٹ مارشل کی تجویز

لاہور پولیس میں بھی مسلح افواج کی طرز پر کورٹ مارشل کی تجویز
October 8, 2020
 لاہور (92 نیوز) لاہور پولیس میں بھی مسلح افواج کی طرز پر کورٹ مارشل کی تجویز دیدی گئی۔ سی سی پی او عمر شیخ کا بڑا فیصلہ سامنے آ گیا۔ پولیس میں کورٹ مارشل کیلئے آئی جی پنجاب کو درخواست دے دی۔ آئی جی پنجاب کو دی گئی درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ آرمڈ فورسز میں کورٹ مارشل کی طرز پر پولیس میں بھی سزا اور جزا کا نظام متعارف کرایا جائے۔ پولیس میں بہترین ڈسپلن اور موثر سروس کیلئے سخت قوانین بنانا ہوں گے۔ سی سی پی او لاہور نے درخواست میں لکھا پانچ سال کے ریکارڈ کے مطابق 25 سے 30 فیصد سے زائد نفری کو سزائیں دی گئیں۔ سزاؤں کے باوجود جوڈیشری، میڈیا، این جی اوز اور عوام پولیس کے رویئے کی شکایت کرتے ہیں۔ درخواست میں کہا گیا موجودہ قوانین کے تحت سزائیں دینے سے بہتری نہیں آرہی۔ پولیس میں کورٹ مارشل متعارف کرانے کا مقصد ہے کہ غفلت اور کوتاہی پر کوئی اہلکار اور افسر دوبارہ نوکری پر بحال نہ ہو سکے۔