Friday, April 26, 2024

لاہور: پنجاب فوڈ اتھارٹی کے چھاپے، 2ہزار لٹر ناقص دودھ ضائع کر دیا

لاہور: پنجاب فوڈ اتھارٹی کے چھاپے، 2ہزار لٹر ناقص دودھ ضائع کر دیا
January 10, 2017

لاہور (92نیوز) پنجاب فوڈ اتھارٹی کا مختلف شہروں میں ملاوٹ مافیا کے خلاف کریک ڈاؤن، لاہور کے داخلی راستوں پر دودھ کی چیکنگ، دو ہزار لٹر ناقص دودھ ضائع کر دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق پنجاب فوڈ اتھارٹی کے مضرصحت اور ناقص اشیائے خورونوش کے خلاف صوبہ بھر میں چھاپے جاری ہیں۔ فوڈاتھارٹی نے لاہور اور فیصل آباد میں کارروائی کرتے ہوئے اٹھائیس سو لٹر مضرصحت دودھ ضائع کر دیا۔

دودھ میں ملاوٹ کی چیکنگ اور روک تھام کے لیے پنجاب فوڈ اتھارٹی نے آج لاہور کے داخلی راستوں پر ناکہ بندی کرکے دودھ کے نمونے چیک کیے تو ان میں کیمیکل اور مضرصحت اشیاء کے اجزا پائے گئے۔ پنجاب فوڈ اتھارٹی نے لاہور کے علاقے ٹھوکر نیاز بیگ اور شاہدرہ کے مقامات پر ناکہ بندی کرکے دودھ چیک کیا اور کیمیکل ملا دو ہزار لٹر دودھ نالے میں بہا دیا۔

پنجاب فوڈ اتھارٹی کی جانب سے فیصل آباد میں دودھ کے چالیس ٹینکرز چیک کیے گئے جن میں موجود آٹھ سو لٹرز دودھ ضائع کر دیا گیا۔ فوڈ سیفٹی آفیسر شہباز سرور کا کہنا ہے کہ دودھ میں مضر صحت اجزا پائے گئے تھے جس پر دودھ موقع پر ضائع کر دیا گیا۔