Friday, April 26, 2024

لاہور : پنجاب انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی مسائلستان بن گیا‘ مریضوں کا اللہ حافظ

لاہور : پنجاب انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی مسائلستان بن گیا‘ مریضوں کا اللہ حافظ
August 27, 2016
لاہور (92نیوز) لاہور کے سب سے بڑے دل ہسپتال کی حالت ابتر ہو گئی۔ پنجاب انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی کی پانچ ای سی جی مشینوں میں سے تین خراب ہونے کے باعث مریض انتظار کی سولی پر لٹک کر رہ گئے۔ ناقص صفائی اور پرائیویٹ مریضوں کو ترجیح دینے کی وجہ سے غریب مرض رل گئے۔ تفصیلات کے مطابق لاہور انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی کے سب سے بہتر انتظامات کے دعووں کا پول کھل گیا ہے۔ یہاں علاج معالجے کے لیے آنے والے مریضوں کی صورتحال دگرگوں ہے۔ ہسپتال میں ناصرف ناقص صفائی کے باعث لال بیگوں‘ چھپکلیوں اور کھٹملوں کی بھرمار ہے بلکہ وارڈ میں بیڈ کی جگہ نہ ہونے کے باعث مریضوں کو وہیل چیئر اور ویٹنگ ایریا میں ڈال دیا جاتا ہے۔ سٹینڈز کی کمی کی وجہ سے ڈرپس پنکھوں سے لٹکی ہیں یا لواحقین کے ہاتھوں میں دکھائی دیتی ہیں۔ ہسپتال میں بلیاں بھی کھلے عام مریضوں کے درمیان دندناتی نظر آتی ہیں۔ سٹنٹس کم ہونے کے باعث جیلانی بلاک کے انجیو گرافی کے مریضوں کو کئی کئی ماہ سے لسٹوں میں نام ہونے کے باوجود روز ٹال دیا جاتا ہے۔ پی آئی سی کا عملہ پرائیویٹ مریضوں کو ہی کمیشن کے لالچ میں ترجیح دیتا دکھائی دیتا ہے جبکہ ہسپتال کی پانچ میں سے تین ای سی جی مشینیں خراب ہونے کے باعث مریض خوار ہونے پر مجبور ہیں۔ وارڈ میں داخل مریضوں کیلئے بھی صرف دو ای سی جی بیڈز ہیں۔