Friday, March 29, 2024

لاہور ،پتوکی ، اوکاڑہ ، ساہیوال،میاں چنوں اور ملتان سمیت پنجاب میں دھند کا راج

لاہور ،پتوکی ، اوکاڑہ ، ساہیوال،میاں چنوں اور ملتان سمیت پنجاب میں دھند کا راج
January 3, 2019
لاہور ( 92 نیوز) پنجاب کے میدانی علاقوں میں دھند نے حد نگاہ انتہائی کم کر دی جس سے معمولات زندگی بری طرح متاثر ہو گئے جب کہ ٹریفک کی روانی بھی سست روی کا شکار ہو گئی ۔ پنجاب بھر میں  دھند نے ہر ش شے دھندلا دی ، میدانی علا قوں کے ساتھ ساتھ شہروں کی گلیوں کوچوں میں بھی دھند کا راج رہا   جس کے باعث کچھ دکھائی نہیں دیا۔ لاہور،میاں چنوں،حویلی لکھا،اوکاڑہ،شجاع آباد  سمیت دیگر علاقوں میں بھی دھند کے بادل چھائے رہے۔ شدید دھند کے باعث موٹروے کئی مقامات پر بند کر دی گئی ،لاہور سے کوٹ مومن اور پنڈی بھٹیاں سے فیصل آباد اور گوجرہ موٹر وے بند رہی،شاہراہوں پر بھی دھند کے باعث ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی جس سے سفر کرنے والوں کو شدید مشکلات کا سامنا رہا۔ خیرپور،ٹوبہ ٹیک سنگھ اور عارفوالا میں دھند کے باعث گاڑیاں ٹکرا گئیں  حادثات میں  پولیس اہلکار سمیت چھ افراد جاں بحق  جبکہ 31 زخمی ہوگئے۔ دھند کے ساتھ ملک بھر میں شدید سردی کا بھی راج ہے،گزشتہ 24 گھنٹے کےدوران مالاکنڈ،ہزارہ،راولپنڈی ڈویژن،اسلام آباد اور کشمیر میں کہیں کہیں بارش  ہوئی ۔ ساہیوال،لاہور،بہاولپور اور گلگت بلتستان میں چند مقامات پر رم جھم اور پہاڑوں پر برف باری ہوئی ۔ مری اور بگروٹ میں پانچ انچ تک برف پڑی ۔ جب کہ کالام اور مالم جبہ میں تین انچ تک زمین پر سفید چادر بچھی،سکردو بدستور سب سے زیادہ سرد مقام رہا  جہاں درجہ حرارت منفی آٹھ سینٹی گریڈ تک گر گیا ۔ موسمیاتی ماہرین نے آئندہ چوبیس گھنٹے کے دوران ملک کے بیشترعلاقوں میں موسم سرد اور خشک رہنے کی پیش گوئی کی ہے جب کہ پنجاب کے میدانی علاقوں ، بالائی سندھ اور پشاور ڈویژن میں بعض مقامات پر دھند کاامکان ہے۔