Friday, April 19, 2024

لاہور: پاکستان تحریک انصاف کے جلسہ کی تیاریاں مکمل، پانچ ہزار پولیس اہلکار سکیورٹی پر تعینات

لاہور: پاکستان تحریک انصاف کے جلسہ کی تیاریاں مکمل، پانچ ہزار پولیس اہلکار سکیورٹی پر تعینات
May 1, 2016
لاہور (نائنٹی ٹو نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے لاہور میں ہونے والے جلسہ کی تیاریاں مکمل کر لی گئیں۔ پانچ ہزار پولیس اہلکار سکیورٹی کے فرائض سرانجام دیں گے۔ پی ٹی آئی نے دعویٰ کیا ہے کہ پنڈال میں بیس ہزار کرسیاں سجائی جائیں گی۔ تحریک انصاف کے مال روڈ پر آج ہونے والے جلسہ کے لیے اٹھارہ فٹ اونچا اور ساٹھ فٹ چوڑا اسٹیج بنایا گیا ہے جبکہ عوام کی سہولت کے لیے بڑی بڑی اسکرینیں لگائی گئی ہیں۔ مال روڈ سے ملحقہ سڑکوں کو خاردار تار اور بیریئرز لگا کر بند کر دیا گیا ہے۔ پنڈال میں داخل ہونے والوں کو سکیورٹی کے تین مراحل سے گزرنا ہو گا جہاں واک تھرو گیٹس نصب کیے گئے ہیں جبکہ شرکاء کی میٹل ڈیٹیکٹرز کے ذریعے چیکنگ بھی کی جائے گی۔ پولیس کی جانب سے جلسے کی مانیٹرنگ کے لیے سی سی ٹی وی کیمرے نصب کیے گئے ہیں جن کا کنٹرول روم سی سی پی او آفس میں قائم کیا گیا ہے جبکہ پی ٹی آئی کی طرف سے بھی سی سی ٹی وی کیمرے لگائے گئے ہیں۔ پولیس، کوئیک رسپانس فورس اور ایلیٹ فورس سمیت دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار بھی سکیورٹی کے فرائض سرانجام دیں گے۔ جلسہ کی میڈیا کوریج کے لیے کرینیں بھی لگائی گئی ہیں۔