Saturday, April 20, 2024

لاہور ، پاسپورٹ آفس گارڈن ٹاؤن میں ون ونڈو نظام شروع

لاہور ، پاسپورٹ آفس گارڈن ٹاؤن میں ون ونڈو نظام شروع
June 25, 2019
لاہور( روزنامہ 92 نیوز) پاسپورٹ حکام نے شہریوں کی سہولت کے پیش نظر پاسپورٹ آفس میں ون ونڈو سسٹم متعارف کرا دیا ہے ، پنجاب میں پہلی بار پاسپورٹ آفس گارڈن ٹائون لاہور میں ون ونڈو نظام شروع کر دیا گیا ۔ پاسپورٹ آفس میں12کائونٹر قائم کر دیئے جس کے تحت پاسپورٹ بنوانے کیلئے آنیوالے شہریوں کو ایک ہی جگہ ٹوکن جاری کیا جاتا ہے ، ا سکے ساتھ ہی تصویر بنانے کے بعد انگوٹھے کے نشان، ڈیٹا انٹری کیا جائیگا جس کے بعد اسسٹنٹ ڈائریکٹر پاسپورٹ انٹرویو کرتے ہیں اور پاسپورٹ بنانے کا عمل مکمل ہوتا ہے ۔ پاسپورٹ انتظامیہ نے یہ بھی فیصلہ کیا ہے کہ آئندہ جو نیا پاسپورٹ دفتر قائم کیا جائیگا وہاں ون ونڈو نظام متعارف کرایا جائیگا اسی طرح مرحلہ وار دیگر بڑے پاسپورٹ دفاتر میں بھی ون ونڈو سسٹم لگایا جائیگا ۔ واضح رہے اس اقدام سے وقت کی بچت ہو گئی اور زیادہ سے زیادہ پاسپورٹ بنائے جا سکیں گے جبکہ دیگر پاسپورٹ دفاتر میں ون ونڈو سسٹم نہ ہونے پر شہریوں کی پہلے تصویر بنانے ،ا سکے ساتھ ٹوکن جاری کیا جاتا ہے جس کے بعد انگوٹھوں کے نشان لینے کے بعد دوبارہ ڈیٹا انٹری کیلئے بلایا جاتا ہے ،بی ایل اے ہونے کے بعد انٹرویو کے لئے طویل انتظار کرنا پڑتا ہے ،اسی طرح پاسپورٹ آفس میں رش ہونے کی صورت میں ایک شہری کو پاسپورٹ بنوانے کیلئے 2سے 3گھنٹے لگتے تھے لیکن ون ونڈو سسٹم شروع ہونے سے پاسپورٹ بنانے کا عمل جلد مکمل ہو جائے گا۔ واضح رہے پاسپورٹ حکام نے شہریوں کی سہولت کیلئے اس سے قبل نیشنل بنک کی تمام برانچوں میں پاسپورٹ فیس جمع کرانے کا نوٹیفکیشن جاری کرایا جبکہ ا س سے قبل نیشنل بنک کی مخصوص برانچوں میں فیس جمع کرائی جاتی تھی ۔ اسسٹنٹ ڈائریکٹر پاسپورٹ سید ریاض شاہ کا کہنا ہے کہ شہریوں کو پاسپورٹ دفتر میں بہتر سہولتیں فراہم کی جا رہی ہیں اور اسی وجہ سے ون ونڈو کا نظام متعارف کرایا گیا ہے تاکہ لوگوں کو ایک ہی جگہ تمام سہولتیں میسر ہوں۔