Sunday, September 8, 2024

لاہور : واپڈا نے چار ہزار ڈیلی ویجز ملازمین کو فارغ کرنے کا فیصلہ کر لیا

لاہور : واپڈا نے چار ہزار ڈیلی ویجز ملازمین کو فارغ کرنے کا فیصلہ کر لیا
July 19, 2016
لاہور (92نیوز) واپڈا نے غریب ملازمین کے معاشی قتل کا منصوبہ تیار کر لیا۔ تین تین سال سے محکمہ کے مختلف شعبوں میں خدمات سرانجام دینے والے چار ہزار ڈیلی ویجز ملازمین کو فارغ کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق واپڈا کے ایچ آر ڈیپارٹمنٹ نے ادارے میں ڈیلی ویجز ملازمین کو فارغ کرکے مستقل بنیادوں پر بھرتی کرنے کے لیے نوٹیفکیشن جاری کر دیا جس کی کاپی نائنٹی ٹو نیوز نے حاصل کر لی ہے۔ واپڈا کے مختلف شعبوں میں روزانہ کی بنیاد پر کام کرنے والے چار ہزار کے قریب ملازمین کو فارغ کر کے مستقل بنیادوں پر کام کرنے والے افراد کو بھرتی کیا جائے گا۔ واپڈا رولز کے مطابق جو شخص تین سال واپڈا میں ڈیلی ویجز پر کام کر لیتا ہے اسے کنٹریکٹ پر بھرتی کر لیا جاتا ہے اور بعد میں اسے مستقل بھی کر لیا جاتا ہے لیکن اس مرتبہ ایسا نہیں کیا جارہا۔ واپڈا ذرائع کا کہنا ہے کہ نئی بھرتی کے لیئے اخبارات میں اشتہارات دینے کو کہا جارہا ہے لیکن ایسا لگتا ہے کہ یہ بھرتیاں سیاسی افراد کو نوازنے کے لیے کی جائیں گی ورنہ جو لوگ پہلے سے کام کر رہے ہیں انکو ہی مستقل کر لیا جاتا۔