Thursday, March 28, 2024

لاہور : نرسوں کا احتجاج تیسرے روز میں داخل‘ مال روڈ پر ٹریفک کی روانی متاثر

لاہور : نرسوں کا احتجاج تیسرے روز میں داخل‘ مال روڈ پر ٹریفک کی روانی متاثر
June 1, 2016
لاہور (92نیوز) لاہور میں نرسوں کا احتجاج تیسرے روز میں داخل ہو گیا۔ نرسوں نے مال روڈ پر ٹینٹ لگا لئے اور رات وہی گزاری۔ نرسوں کا کہنا ہے موسم کی سختی ہو یا حکومت کی ہٹ دھرمی مطالبات منظور کروائے بغیر نہیں جائیں گی۔ تفصیلات کے مطابق نرسوں کے احتجاج میں اب صرف لاہور کے سرکاری اسپتالوں کی ہی نہیں بلکہ پنجاب بھر کی نرسیں شامل ہو چکی ہیں۔ سخت گرمی میں دھرنا دیے بیٹھی یہ خواتین دن رات کی پروا کئے بغیر سراپا احتجاج ہیں۔ ان کا کہنا ہے حکومت نے جتنا آزمانا ہے آزما لے پیچھے ہٹنے والی نہیں ہیں۔ نرسوں کا کہنا ہے کہ مریضوں کی تیمارداری کیلئے چھتیس، چھتیس گھنٹے ڈیوٹی دے سکتی ہیں تو اپنے حق کیلئے آواز بھی اٹھا سکتی ہیں۔ حکومت سروس اسٹرکچر اور ہیلتھ رسک الاونس کا مطالبہ پورا کرے۔ گزشتہ دو روز کی طرح ایک بار پھر دھرنے کے باعث مال روڈ اوراس کے اطراف میں ٹریفک جام رہی جس سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔