Sunday, September 8, 2024

لاہور : نجی ہسپتال کا ڈاکٹر آپریشن کے دوران خاتون کے پیٹ میں تولیہ بھول گیا

لاہور : نجی ہسپتال کا ڈاکٹر آپریشن کے دوران خاتون کے پیٹ میں تولیہ بھول گیا
July 12, 2016
لاہور (92نیوز) مریضہ کی صحت بہتر ہونے کے بجائے مزید خراب ہو گئی۔ ڈاکٹروں نے تین ماہ بعد آپریشن کرکے مریضہ کے پیٹ سے تولیہ نکال دیا تاہم خاتون کی حالت اب بھی تشویشناک ہے۔ تفصیلات کے مطابق تین ماہ قبل بیگم کوٹ کی رہائشی ستائیس سالہ سعدیہ کے آپریشن کے دوران نجی اسپتال کا ڈاکٹر تولیہ پیٹ میں ہی بھول گیا۔ بے حس ڈاکٹروں کی غفلت کے باعث مریضہ صحت یاب ہونے کے بجائے پیٹ کی تکلیف میں مبتلا ہو گئی۔ تکلیف حد سے بڑھ گئی تو اہل خانہ نے میواسپتال لاہور کا رخ کیا۔ مریضہ کا سی ٹی سکین کیا گیا تو جسم میں نان باڈی آرگن کا پتہ چلا جس پر ڈاکٹروں کو نہ صرف بلاتاخیر آپریشن کرنا پڑا بلکہ سوزش کے باعث کئی انتڑیاں بھی کاٹنا پڑیں۔ سعدیہ کے پیٹ سے تولیہ تو نکال دیا گیا تاہم اس کی حالت ابھی بھی تشویشناک ہے۔ ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ شہر میں عطائیوں کی بھرمار ہے جس کی وجہ سے مقدس پیشے کی بدنامی ہورہی ہے۔ حکومت کو انسانی جانوں سے کھیلنے والوں کے خلاف فوری کارروائی کرنا چاہیے تاکہ مزید افراد ان کا شکار ہونے سے بچ سکیں۔