Monday, May 13, 2024

لاہور میں گیس بحران سنگین، انڈسٹری اور سی این جی سیکٹر کو فراہمی معطل

لاہور میں گیس بحران سنگین، انڈسٹری اور سی این جی سیکٹر کو فراہمی معطل
December 28, 2019
لاہور (92 نیوز) سردی میں اضافہ ہوتے ہی صوبائی دارالحکومت لاہور میں گیس بحران میں بھی اضافہ ہو گیا۔ سوئی ناردرن کی طرف سے پنجاب میں انڈسٹری اور سی این جی سیکٹر کو گیس فراہمی بند کرنے کے باوجود گیس کا شارٹ فال جاری ہے۔ سوئی ناردرن کی جانب سے انڈسٹریز اور سی این جی سیکٹرز کو گیس فراہمی بند کرنا بھی کسی کام نہ آیا، سردی آتے ہی گیس چھومنتر ہو گئی، گھروں میں گیس کی لوڈ شیڈنگ مسلسل بڑھنے لگی۔ لاہور کے علاقہ باٹا پور، ہربنس پورہ ، کینٹ ، سبزہ زار، وحدت روڈ اور نواں کوٹ کے ملحقہ علاقے شدید متاثر ہوئے۔ اقبال ٹاؤن،جوہر ٹاؤن، ٹاؤن شپ، گارڈن ٹاؤن، فیروز پور روڈاور مسلم ٹاؤن میں گیس کی بندش سے شہری پریشان ہیں۔ شہر کے بعض علاقوں میں گیس تو آتی ہے لیکن برائے نام ہے، پریشر اتنا کم کہ کچھ پکانا نا ممکن ہے، صبح اور شام کے اوقات میں گیس پریشر میں کمی کی وجہ سے شہری پریشان ہیں۔ سوئی ناردرن گیس کے مطابق کمپریسر کا استعمال بھی گیس کے پریشر میں کمی کا سبب بن رہا ہے، کمپریسر استعمال کرنے والے صارفین کے خلاف بڑے پیمانے پر کارروائی شروع کر رکھی ہے۔