Friday, May 17, 2024

لاہور میں گرمی کی لہر برقرار،پارہ 44 سینٹی گریڈ کو چھوگیا

لاہور میں گرمی کی لہر برقرار،پارہ 44 سینٹی گریڈ کو چھوگیا
May 30, 2019
لاہور  ( 92 نیوز) شہر لاہور میں گرمی کی لہر  برقرار  ہے ،پارہ 44 سینٹی گریڈ کو چھو گیا ،گرم لو چلنے کی وجہ سے روزے دار  مشکل میں پڑ گئے محکمہ موسمیات نےآئندہ چند روز تک موسم گرم رہنے کی پیش گوئی کر دی۔ صوبائی دارالحکومت لاہور میں سورج جوبن پر آیا، تو پارہ چوالیس ڈگری سینٹی گریڈ کو چھو آیا،صبح سے ہی سورج نے آنکھیں دکھانا شروع کیں تو دن کے آغاز میں ہی پارہ انتالیس ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا۔ لو کے تھپیڑوں اور سورج کی تپش نے شہریوں کی بس کرا دی، کہتے ہیں رمضان کا آخری عشرہ خوب گرم ہے ، جس میں روزہ داروں کے لئے مشکل بھی ہے لیکن اللہ کی خوشنودی کے لئے برداشت کریں گے۔ چیف میٹرولوجسٹ ڈاکٹر عظمت حیات نےپیش گوئی کی کہ موسم ابھی مزید گرم رہے گا لیکن عید سے قبل آگ برساتے سورج کو رحم آجائے گا اور موسم ٹھنڈا ہو جائے گا۔ محکمہ موسمیات کی جانب سے شہریوں کو تلقین کی گئی ہے کہ گرمی کی شدت سے محفوظ رہنے کے لیے غیر ضروری سفر اور نقل و حرکت سے گریز کریں۔