Friday, May 10, 2024

لاہور میں کوڑا اٹھانے والے ملازمین نے پھر ہڑتال کر دی

لاہور میں کوڑا اٹھانے والے ملازمین نے پھر ہڑتال کر دی
December 24, 2019
لاہور ( 92 نیوز) صوبائی دارالحکومت لاہور  میں کوڑا کرکٹ اٹھانے والے ملازمین نے ایک مرتبہ پھر ہڑتال کر دی ، باغوں کے شہر میں جگہ جگہ کوڑے کے ڈھیر لگ گئے ۔  ملازمین کا کہنا ہے ایل ڈبلیو ایم سی کی جانب سے 23 دسمبر تک تنخواہیں دینے کا وعدہ کیا گیا تھا مگر تاحال اس پر عملدرآمد نہیں ہو سکا۔ پنجاب حکومت کی ناقص پالیسی کے باعث  باغوں کا شہر ایک مرتبہ پھر کچرا کنڈی کا منظر پیش کرنے لگا، لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کی جانب سےتنخواہوں کی عدم ادائیگی کے باعث ملازمین کوڑا اٹھانا بند کر دیا  ، جس کے باعث صوبائی دارالحکومت کے متعدد علاقوں میں کوڑے کرکٹ کے ڈھیر لگ گئے۔ جوہر ٹاؤن، فیصل ٹاؤن، گلبرگ، جیل روڈ، گارڈن اور دیگر علاقوں میں کوڑا کرکٹ جمع ہونے سے شہری شدید پریشان ہیں ۔ ادھر ملازمین کا کہنا ہے کہ وہ پورے شہر کا کوڑا اٹھاتے ہیں لیکن تنخواہیں نہیں دی جا رہیں، چیئرمین ایل ڈبلیو ایم سی کی جانب سے 23 دسمبر تک ادائیگیوں کا وعدہ کیا گیا جو تاحال وفا نہیں ہو سکا ، پہلے سے جاری ہڑتال چیئرمین کے وعدے پر ختم کی گئی لیکن تنخواہیں نہ ملنے پر دوبارہ کام چھوڑ کر گاڑیاں کھڑی دیں۔ چیئرمین ایل ڈبلیو ایم سی کے مطابق پنجاب حکومت صفائی کی نگران کمپنی کے تقریباً تین ارب روپے دبا کر بیٹھی ہے جس کے باعث ملازمین کو تنخواہیں ادا نہیں کی جارہیں۔