Sunday, September 8, 2024

لاہور میں کلاسیکل رقص کی تقریب‘ ماہر رقاصہ نے سماں باندھ دیا

لاہور میں کلاسیکل رقص کی تقریب‘ ماہر رقاصہ نے سماں باندھ دیا
January 16, 2016
لاہور (92نیوز) لاہور میں کلاسیکل رقص کی ایک محفل سجائی گئی جس میں کتھک رقص کی ماہر رقاصہ نے اپنے فن کا شاندار مظاہرہ کر کے سماں باندھ دیا۔ تفصیلات کے مطابق مقامی کلب میں ایک کلاسیکل رقص کی تقریب کا اہتمام ایک تنظیم کی جانب سے کیا گیا۔ امریکا سے آئی کلاسیکل کتھک کی ماہر رقاصہ فرح یاسمین شیخ نے خوبصورت رقص پیش کرکے عوام سے خوب داد سمیٹی۔ سردیوں کی سرد شام میں کتھک رقاصہ نے اپنی پرفارمنس سے ماحول کو گرما دیا۔ جگمگاتی روشنیوں سے سجی اس محفل میں فرح یاسمین شیخ نے کلاسیکل اور کتھک کے حسین امتزاج کو پیش کیا جسے فن کے دلدادہ شائقین نے دل کھول کر داد دی۔ راگ درباری کی بندش پرفرح یاسمین شیخ نے محبت اور غم کے جذبات کی ترجمانی خوبصورت رقص کے ذریعے کی۔ ایک گھنٹے پر محیط ڈانس پرفارمنس میں فنکارہ نے تین تال، ترانہ اور ٹھمری پر اعضا کی خوب صورت شاعری کر کے محفل کو چار چاند لگا دیے۔