Thursday, March 28, 2024

لاہور میں کالی گھٹائیں برس پڑیں !!! کراچی، کشمیر، پشاور، کوئٹہ سمیت ملک کے اکثر شہروں میں آج بارش کا امکان

لاہور میں کالی گھٹائیں برس پڑیں !!! کراچی، کشمیر، پشاور، کوئٹہ سمیت ملک کے اکثر شہروں میں آج بارش کا امکان
June 23, 2015
لاہور (92نیوز) ملک کے مختلف شہروں میں بارش سے موسم خوشگوار ہوگیاہے۔ محکمہ موسمیات نے کراچی سمیت ملک کے کئی شہروں میں بارش کی پیشگوئی کر دی۔ تفصیلات کے مطابق لاہور سمیت پنجاب کے کئی شہروں میں پری مون سون بارشوں نے گرمی کی کمر توڑ دی ہے۔ مری ، راولپنڈی، سرگودھا، فیصل آباد، ڈی جی خان، بہاولپور، ایبٹ آباد اور کشمیر میں بارش کے بعد ٹھنڈی ہوائیں چلیں تو گرمی چلتی بنی اور لوڈ شیڈنگ کے ستائے شہریوں نے سکھ کا سانس لیا۔ محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ آئندہ 24گھنٹوں کے دوران کشمیر، اسلام آباد، راولپنڈی، گوجرانوالہ، لاہور، سرگودھا، فیصل آباد، ساہیوال، ڈی جی خان، ملتان، بہاولپور ڈویژن میں کہیں کہیں بارش کا امکان ہے۔ اس دوران مالاکنڈ، ہزارہ، پشاور، کوہاٹ، بنوں، مردان، ڈی آئی خان ، فاٹا، کوئٹہ، ژوب، قلات، سبی ڈویژن اور گلگت بلتستان میں چند مقامات پر بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ دریں اثنا لاہور میں آج صبح سے ہی ٹھنڈی ہوائیں چل رہی ہیں اور لاہور شہر کو اس وقت کالی گھٹاﺅں نے ڈھانپ رکھا ہے۔ کالی گھٹاﺅں کی بدولت دن میں بھی رات کا منظر دکھائی دے رہا ہے۔ موسم میں اچانک تبدیلی سے درجہ حرارت میں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے اور شہریوں کے چہرے خوشی سے کھل اٹھے ہیں۔ آخری اطلاعات آنے تک لاہور میں بارش نے اپنا رنگ جما دیا ہے اور جل تھل ہونے سے سڑکیں بھیگ چکی ہیں۔