Friday, April 26, 2024

لاہور میں پولیس کے نجی ٹارچرسیل کا انکشاف ‏

لاہور میں پولیس کے نجی ٹارچرسیل کا انکشاف ‏
March 31, 2019

لاہور ( 92 نیوز) لاہور  میں پولیس کے نجی ٹارچر سیل کا انکشاف ہوا ہے ،  تھانہ سمن آباد کی حدود سے اٹھایا جانے والا نوجوان ہتھ کڑیوں سمیت کارخانے سے بازیاب ہو گیا ، اہل علاقہ نے لڑکے کو گرفتار کرکے لے جانے والے پولیس اہلکار کی پٹائی کردی،سی سی پی او لاہور نے واقعے کا نوٹس لے لیا۔

لاہور  پولیس کا انوکھا کارنامہ سامنے آگیا ، سرچ آپریشن کی آڑ میں سول کپڑوں میں ملبوث اہلکاروں نے 18 سالہ عمیر کو اسکے گھر سے اٹھا کر لوہے کے کارخانے میں نجی ٹارچر سیل میں منتقل کر دیا ۔

لواحقین نے اپنی مدد آپ کے تحت نوجوان کو ٹارچر سیل سے ہتھکڑی لگے برآمد کروالیا ،92 نیوز کی خبر پر ایکشن لیتے ہوئے سی سی پی او نے غفلت برتنے والے اہلکاروں کیخلاف کارروائی کا عندیہ دے دیا۔

لاہور پولیس کے جوانوں نے گذشتہ روزسول کپڑوں میں ملبوث اہلکار  اٹھارہ سالہ نوجوان کو پولیس ویری فیکشن کے بہانے گھر سے لے گئے ، بچے کے والدین تھانہ سمن آباد پہنچے تو تھانے کی پولیس نے مذکورہ اہلکاروں سے لاتعلقی کا اظہار کردیا ۔

 بعد ازاں بچے کو بادامی باغ میں لے جانے کا انکشاف ہوا تو لواحقین کے بادامی باغ پولیس سے رابطہ پر بادامی باغ تھانے نے بھی تمام تر وقوعے سے لا علمی کا اظہار کر دیا جبکہ بادامی باغ حوالات میں بچے کی  فوٹیج 92 نیوز کو موصول ہو گئی ۔

بچے کا والد کا کہنا ہے کہ انہوں نے اپنے بیٹے کو خود جا کر بازیاب کروایا ۔

دوسری جانب 92 نیوز سے خصوصی گفتگو میں لاہور پولیس اہلکار خود کو معصوم کہتا رہا اور بولا مجھے تو واقعے کا کچھ علم ہی نہیں ۔

متاثرہ لڑکے کے  بھائی کا کہنا تھا کہ بادامی باغ تھانے میں اپنے بھائی کی موجودگی کی اطلاع پر پہنچے تو پولیس نے ہنڈا گاڑی میں بھائی کو نجی ٹارچر سیل منتقل کر دیا جہاں سے اپنی مدد آپ کے تحت خود بازیاب کروایا ۔

دوسری جانب 92 نیوز پر خبر نشر ہونے اور معاملہ اٹھانے پر سی سی پی او لاہور نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے فوری طور پر ایس ایس پی آپریشنز سے رپورٹ طلب کر لی۔