Thursday, April 18, 2024

لاہور میں ٹماٹر ایک سو بیس روپے فی کلو میں فروخت ہونے لگا

لاہور میں ٹماٹر ایک سو بیس روپے فی کلو میں فروخت ہونے لگا
July 26, 2020
 لاہور (92 نیوز) عید الاضحیٰ میں چند روز باقی لیکن منافع خور مافیا سرگرم ہو گئے۔ لاہور میں ٹماٹر ایک سو بیس روپے فی کلو میں فروخت ہونے لگا جبکہ سبز مصالحہ جات کی دیگر اشیا میں بھی من مانے ریٹ وصول کیے جا رہے ہیں۔ عید قرباں کی آمد آمد ہے تو ایسے میں مہنگائی کی چھریاں بھی تیز ہیں۔ قربانی کا گوشت کھانا ہے تو اسے تیار کرنے کے لئے جیب کی قربانی بھی دینی پڑے گی۔ ہر گھر کی ضرورت ٹماٹر سرکاری نرخ نامے سے چالیس روپے زائد میں فی کلو میں فروخت ہو رہا ہے۔ لہسن 180 کے بجائے 240 روپے جبکہ 395 روپے کی سرکاری قیمت والا ادرک 450 روپے میں بک رہا ہے۔ صوبائی دارالحکومت لاہور میں سبز مصالحہ جات کی قیمتوں میں ہوش ربا اضافے نے شہریوں کو لال پیلا کر دیا۔ پیاز کی سرکاری قیمت 35 جبکہ عام مارکیٹ میں 50 اور آلو کی سرکاری قیمت 80 جبکہ مارکیٹ میں 100 روپے فی کلو تک فروخت ہو رہا ہے۔ شہری کہتے ہیں پرائس کنٹرول کمیٹیاں اپنی ذمہ داری نبھانے میں ناکام نظر آتی ہیں۔