Tuesday, April 30, 2024

لاہور میں مبینہ پولیس مقابلے میں نوجوان ہلاک‘ ماں حواس کھو بیٹھی

لاہور میں مبینہ پولیس مقابلے میں نوجوان ہلاک‘ ماں حواس کھو بیٹھی
December 17, 2015
لاہور (92نیوز) لاہور کے علاقے چوہنگ میں مبینہ پولیس مقابلے میں نوجوان ہلاک ہو گیا۔ ورثاءنے الزام لگایا ہے کہ پولیس نے رقم لے کر قتل کیا۔ تفصیلات کے مطابق پولیس وین کے پیچھے بھاگتی ماں جس کا نوجوان بیٹا ساغر اہلکاروں کی گولیوں سے چھلنی ہو گیا۔ بیٹے کی ہلاکت کا سن کر ماں اپنے حواس کھو بیٹھی‘ بال نوچتی‘ ماتم کرتی سڑک پر نکل آئی اور بددعائیں دینے لگی۔ ماں کا کہنا تھا کہ اس کے بیٹے کو پولیس نے مخالفین سے رقم لے کر قتل کیا ہے۔ پولیس کا موقف بھی حسب روایت ہی ہے کہہ دیا کہ ساغر ساتھیوں کے ساتھ چوہنگ میں لوٹ مار کر رہا تھا۔ اہلکاروں کو دیکھا تو گولی چلا دی۔ جوابی کارروائی میں ساغر ہلاک ہوگیا مگر اس کے دونوں ساتھی فرار ہو گئے۔ ورثاءکا کہنا ہے کہ 2009ءسے دشمنی چل رہی ہے‘ ساغر کا باپ اور تایا بھی اسی دشمنی کی بھینٹ چڑھے، آج مقدمہ کی سماعت تھی جس سے قبل اسے راستے سے ہٹا دیا گیا۔ ساغر کے اہل خانہ نے چوہنگ میں احتجاج کیا۔ اہلکاروں نے انہیں روکنے کی کوشش کی مگر غم وغصہ دیکھ کر بھاگنے میں ہی غنیمت جانی۔ ورثاءنے ارباب اختیار سے انصاف کی فریاد کی ہے۔