Friday, April 26, 2024

لاہور میں قبضہ مافیا کیخلاف آپریشن دوسرے روز بھی جاری رہا

لاہور میں قبضہ مافیا کیخلاف آپریشن دوسرے روز بھی جاری رہا
October 3, 2018
لاہور( 92 نیوز )لاہور میں ضلعی انتظامیہ اور ایل ڈی اے کی جانب سے قبضہ مافیا کے خلاف آپریشن دوسرے روز بھی جاری رہا، شیراکوٹ میں دکانیں اور پلازہ مسمار کر کے سرکاری اراضی وا گزار کرا لی گئی  جبکہ ہربنس پورہ کے رہائشی ضلعی انتظامیہ کے خلاف سڑکوں پر نکل آئے ۔  انتظامیہ کی جانب سے شام 6 بجے تک اراضی ملکیت کے کاغذات دکھانے کا وقت دیاگیا۔ صوبائی دارالحکومت لاہورمیں قبضہ مافیا سے سرکاری اراضی چھڑوانے کے لئے ضلعی انتظامیہ کا آپریشن جاری رہا، شیرا کوٹ میں بھاری مشینری سے غیر قانونی پلازے کو مسمار کر دیا گیا جبکہ متعدد دوکانوں پر بھی بلڈوزر چلا کر سرکاری اراضی واگزار کروا لی گئیں ۔ صوبائی وزیرہاؤسنگ اینڈڈویلپمنٹ  میاں محمودالرشید کاکہنا ہےکہ قبضہ مافیاکے خلاف آپریشن میں 150 کنال اراضی واگزارکرالی گئی ۔ ادھرضلعی انتظامیہ کی ٹیم نے ہربنس پورہ کے رُخ کیا تو مقامی افراد سڑکوں پر نکل آئے، مظاہرین نے ٹائر جلا کر کینال روڈ کو ٹریفک کے لئے بند کر دیا اور ضلعی انتظامیہ کے خلاف نعرے بازی کرتے رہے۔سراپا احتجاج شہریوں کا کہنا تھا کہ عرصہ دراز سے رہائش پذیر ہیں گھروں کو مسمار نہیں ہونے دیں گے۔ ضلعی انتظامیہ کو پنجاب حکومت کی جانب سے ایک ماہ میں صوبائی دارالحکومت کو قبضہ مافیا سے پاک کرنے کا ہدف گیا ہے،ڈی جی ایل ڈی اے آمنہ عمران کے مطابق آپریشن روزانہ کی بنیاد پر کیا جائے گا۔