Tuesday, May 7, 2024

لاہور میں قاتل ڈور نے ایک اور ننھی جان لے لی

لاہور میں قاتل ڈور نے ایک اور ننھی جان لے لی
June 28, 2020
لاہور (92 نیوز) لاہور میں پتنگ بازی ایک اور جان لے گئی، ساندہ کے علاقہ شبلی ٹاؤن میں ڈور پھرنے سے چھ سالہ حریم چل بسی، پولیس حکام نے نوٹس لیتے ہوئے ایس ایچ او ساندہ کو معطل کر دیا،وزیر اعلیٰ پنجاب اور سی سی پی او لاہور نے واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے نوٹس لے لیا اور متعلقہ حکام سے رپورٹ طلب کر لی۔ قاتل ڈور نے ایک چراغ گل کر دیا! لاہور کے علاقہ شبلی ٹاؤن ساندہ میں گلے پر ڈور پھرنے سے چھ سالہ حریم فاطمہ جان کی بازی ہار گئی، متوفیہ اپنی فیملی کے ساتھ موٹرسائیکل پر ماڈل ٹاؤن سے شاہدرہ جا رہی تھی کہ بند روڈ پر گلے پر ڈور پھر گئی۔ ایس ایچ او ساندہ کےمطابق بچی کے والدین کوئی قانونی کارروائی نہیں کروانا چاہتے لاش ضروری کارروائی کے بعد ورثاء کے حوالے کردی۔ ڈی آئی جی آپریشنز اشفاق خان نے روایتی کارروائی کرتے ہوئے ایس ایچ او ساندہ شرجیل ضیاء کومعطل کر دیا، اشفاق خان نے ایس پیز،ایس ڈی پی اوز اور ایس ایچ اوز کو اپنے علاقوں میں پتنگ بازی ایکٹ پر عملدرامد یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ شہریوں نے پتنگ بازی کو فوری روکنے اور اس پر سختی سے عملدرآمد کروانے کا مطالبہ کیا ہے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب نے واقعہ پر دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئےغفلت برتنے والوں کے خلاف بلا امتیاز کارروائی کا حکم دے دیا۔ سی سی پی او لاہور نے بھی واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ایس پی اقبال ٹاؤن سے رپورٹ طلب کر لی۔