Friday, April 26, 2024

لاہور میں فیروز پور روڈ پر مسافر بس نے موٹر سائیکل سواروں کو کچل ڈالا

لاہور میں فیروز پور روڈ پر مسافر بس نے موٹر سائیکل سواروں کو کچل ڈالا
June 4, 2021

لاہور (92 نیوز) لاہور میں فیروز پور روڈ پر مسافر بس نے موٹر سائیکل سواروں کو کچل ڈالا۔ حادثے میں ماں اور 3 بچے جاں بحق ہو گئے۔

فوتگی سے واپس آنے والا خاندان خود بھی حادثے کا شکار ہو گیا۔ لاہور میں فیروزپور روڈ پر رمضان اہلخانہ کے ہمراہ موٹر سائیکل پر آ رہا تھا کہ تیز رفتار بس نے ٹکر مار دی۔ حادثے میں رمضان کی بیوی صباء اور تین بچے جاں بحق ہو گئے جبکہ ایک بیٹی شدید زخمی ہو گئی جسے اسپتال منتقل کر دیا گیا۔

جاں بحق ہونے والوں کے اہلخانہ نے فیروزپور روڈ پر احتجاجی مظاہرہ کیا اور ٹائر جلا کر روڈ بلاک کر دی۔ حادثے کے بعد بس ڈرائیور موقع سے فرار ہو گیا۔ اہلخانہ کا کہنا ہے کہ ان کا ہنستا بستا گھر اجڑ گیا۔ ڈرائیور کو گرفتار کیا جائے۔ حادثے کا باعث بننے والوں کی لاشیں گھر پہنچیں تو علاقے میں کہرام مچ گیا۔

وزیر اعلی پنجاب نے واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ حکام سے رپورٹ طلب کر لی۔ سردار عثمان بزدار نے حادثے کے ذمہ دار ڈرائیور کے خلاف قانونی کارروائی کا حکم دے دیا۔