Friday, April 19, 2024

لاہور میں دھماکا، دہشت گردوں اور سہولت کاروں کا پورا نیٹ ورک پکڑا گیا

لاہور میں دھماکا، دہشت گردوں اور سہولت کاروں کا پورا نیٹ ورک پکڑا گیا
June 27, 2021

لاہور (92 نیوز) لاہور میں دھماکے میں ملوث دہشت گردوں اور سہولت کاروں کا پورا نیٹ ورک پکڑا گیا۔

تفتیشی ذرائع کے مطابق دھماکے میں ملوث 6 افراد قانون نافذ کرنے والے اداروں کی حراست میں ہیں، گاڑی جوہر ٹاؤن تک پہنچانے والا دہشت گرد بھی گرفتار کرلیا گیا۔

تفتیشی ذرائع کے مطابق گاڑی ٹارگٹ تک پہنچانے میں ضیا خان کی معاونت دہشت گرد سجاد حسین نے کی۔

اس سے ایک روز قبل جوہر ٹاؤن دھماکے میں گاڑی لاہور منتقل کرنے والا مبینہ دہشت گرد کی گرفتاری رات گئے عمل میں آئی۔

پولیس نے دھماکے کے ماسٹر مائنڈ پیٹرپول ڈیوڈ کے ایک اور ساتھی مبینہ دہشتگرد سجاد حسین کو گرفتار کر لیا۔ تفتیشی ذرائع کے مطابق سجاد حسین کو رات گئے منڈی بہاوالدین سے گرفتار کیا گیا۔ ملزم سجاد حسین نے دھماکے میں استعمال ہونیوالی گاڑی لاہور پہنچائی تھی۔

مبینہ دہشتگرد سجاد حسین دوران تفتیش گاڑی لاہور پہنچانے کا اعتراف بھی کر چکا ہے۔ ملزم کا کہنا ہے کہ اس نے گاڑی لاہور ضرور منتقل کی لیکن ٹارگٹ تک کسی اور شخص نے پہنچائی۔

اس سے قبل تحقیقاتی اداروں نے مبینہ ماسٹر مائنڈ پیٹرپال کی مزید شناختی دستاویزات حاصل کیں۔

پیٹرپال کی حاصل دستاویزات میں شناختی کارڈ، لائسنس اور تصاویر شامل ہیں، ملزم کا عارضی اور مستقل پتہ محمودآباد کراچی کا ہی درج ہے۔

پیٹرپال نے ڈرائیونگ لائسنس کراچی کلفٹن برانچ سے حاصل کیا تھا۔

لاہور میں جوہر ٹاؤن کے اللہ ہو گول چکر کے قریب دھماکا 23 جون 2021ء کو ہوا تھا، جس میں تین افراد جاں بحِق اور 24 زخمی ہوئے تھے۔