Sunday, September 8, 2024

لاہور میں تیز بارش سے چھتیں گر گئیں‘ تین بچوں سمیت 5 افراد جاں بحق

لاہور میں تیز بارش سے چھتیں گر گئیں‘ تین بچوں سمیت 5 افراد جاں بحق
July 17, 2016
لاہور (92نیوز) لاہور میں رات کے وقت ہونے والی موسلادھار بارش نے ہر طرف جل تھل کر دی۔ ایک طرف بارش نے گرمی کے ستائے شہریوں کیلئے راحت کا سامان مہیا کیا مگر دوسری جانب کچے مکانوں میں رہائش پذیر افراد کیلئے موت کا پیغام بن گئی۔ تفصیلات کے مطابق لاہور میں رات کو ہونے والی بارشوں کے نتیجے میں لاہور میں چھتیں گرنے سے پانچ افراد جاں بحق اور چھ زخمی ہو گئے۔ جاں بحق افراد میں تین بچے بھی شامل ہیں جن کی عمریں چار سے دس سال کے درمیان ہیں۔ وحدت روڈ پر اورنج لائن میٹرو ٹرین کا کام کرنے والے مزدوں کے اوپر بھی چھت گر گئی جس کے نتیجے میں بیس سالہ علی رضا جاں بحق جبکہ پانچ مزدور زخمی ہو گئے جنھیں فوری طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ دوسری جانب شمع سٹاپ کے قریب مکان کی بوسیدہ چھت گرنے سے گھر کا سربراہ یوسف جاں بحق جبکہ ماں اور بیٹا زخمی ہوگئے۔ بارش کے بعد شہر کے مختلف علاقوں میں پانی جمع ہونے سے ضلعی انتظامیہ کے دعوﺅں کی قلعی کھل گئی اور پانی جمع ہونے سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔