Thursday, April 18, 2024

لاہور میں تیز بارش سے جل تھل ایک ہو گیا

لاہور میں تیز بارش سے جل تھل ایک ہو گیا
September 1, 2019
لاہور ( 92 نیوز) صوبائی دارالحکومت لاہور میں شدید حبس اور گرمی کےبعد ابر رحمت برسا اور خوب برسا ، دیکھتے ہی دیکھتے شہر کی اکثر شاہراہیں وینس کا منظر پیش کرنے لگیں۔ مون سون  نےجاتے جاتے اپنے تیور دکھائے  اور باغوں کے شہر لاہور میں جھل تھل ایک کردیا ،  شہر کے بیشتر علاقوں میں صبح سے بادلوں کی آنکھ مچولی جاری تھی ، کہیں بادل کی ٹکڑیاں عوام کو بارش کے متعلق خبردار کررہی تھیں تو کہیں سورج  کی تپش  گرمی کو بڑھا رہی تھیں ایسے میں بارش کی بوندیں  اہلیان شہر کے لیے  رحمت سے کم نہ تھیں ۔ پھر ہوا کچھ یوں کہ رحمت زحمت میں بدلی اور شہر کے اکثر سڑکیں ندی نالوں کا منظر پیش کرنے لگیں،جابجا بارش کےباعث بندہوتی موٹرسائیکلیں گاڑیوں کو دھکے لگاتے لوگ اپنی پریشانی سے بنردآزما دکھائی دیے ۔ شہریوں کاکہنا ہمیشہ ہی بارش کے بعد یہ حال ہو جاتا ہے ۔ اب کریں تو کیا کریں جائیں تو کہاں جائیں ۔ واسا حکام کے مطابق  شہر میں سب سے زیادہ بارش تاج پورہ میں 78 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی، جبکہ گلشن راوی اور مغلپورہ میں 52 ، لکشمی چوک میں 41 پانی والا تالاب میں 36 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ لاہور کے علاقے مناواں میں تیز بارش کے باعث زیر تعمیر دیوار گرنے سے چھ افراد  ملبے تلے دب گئے جن میں سے چار افراد کی لاشیں نکال لی گئیں ، جب کہ دو افراد کو زخمی حالت میں  اسپتال منتقل کردیاگیا۔