Tuesday, April 16, 2024

لاہور میں بارش کے بعد نشیبی علاقے زیر آب،ٹریفک بھی جام رہی

لاہور میں بارش کے بعد نشیبی علاقے زیر آب،ٹریفک بھی جام رہی
July 21, 2020

لاہور ( 92 نیوز) صوبائی دارالحکومت لاہور  میں بادل کھل کر برسے تو مسائل بھی کھل کر سامنے آ گئے ، بارش سے نشیبی علاقے زیر آب آ گئے جبکہ ٹریفک جام ہونے کی وجہ سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ۔

صوبائی دارالحکومت لاہور میں  چند گھنٹے برسنے والی بارش سے  نشیبی علاقے زیر آب آ گئے ، سڑکوں پر پانی جمع ہونے سےموٹر سائیکل سواروں سمیت دیگر شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا رہا ۔

لکشمی چوک کے قریب مسجد کے اطراف میں پانی کھڑا ہونے کی وجہ سے نمازیوں کو شدید مشکلات کا سامنارہا ، ادھر بارش نے اسپیڈ پکڑی تو ٹریفک اہلکار بھی غائب ہو گئے  جس سے  گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں ۔

قصور کےنواحی علاقہ کھڈیاں میں مکان کی چھت گرنے سے ایک خاتون جاں بحق اور دو  شدید زخمی ہو گئیں ، جبکہ پتوکی میں بارش اور تیز ھواٶں کے باعث مسجد کے مینار شہید ہوگئے ۔

دیپالپور میں مین شاہراہ پر تیز آندھی اور بارش کے باعث درخت ٹوٹ کر گاڑی پر گر گیا ، پنڈی گھیپ کے گاؤں سرگ میں طوفانی بارش سے بجلی کی تاریں ٹوٹ گئیں، بارہا شکایت کے باوجود واپڈا کا عملہ نہ پہنچ سکا ۔