Saturday, April 27, 2024

لاہور میں بارش کا سلسلہ آئندہ چوبیس گھنٹے تک جاری رہ سکتا ہے : محکمہ موسمیات

لاہور میں بارش کا سلسلہ آئندہ چوبیس گھنٹے تک جاری رہ سکتا ہے : محکمہ موسمیات
September 20, 2016
لاہور (92نیوز) لاہور میں بارش نے حبس اور گرمی کے بڑھتے قدم روک دیے۔ تیز ہوا کے ساتھ ہونے والی باران رحمت نے موسم خوشگوار بنا دیا۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ یہ سلسلہ آئندہ چوبیس گھنٹوں تک جاری رہے گا۔ تفصیلات کے مطابق شہر میں دوپہر کے وقت سرمئی بادلوں نے ڈیرے جمائے جس کے بعد مختلف علاقوں میں بارش کا سلسلہ شروع ہو گیا۔ بارش سے گرمی اور حبس کا زور ٹوٹ گیا۔ شہریوں کے مرجھائے چہرے کھل اٹھے۔ مسلسل تیز ہونے والی بارش سے کئی علاقوں میں شدید پانی کھڑا ہو گیا جس سے ٹریفک کا نظام درہم برہم ہوکر رہ گیا۔ مین بلیوارڈ پر گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں جس کے باعث شہریوں کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آئندہ چوبیس گھنٹے کے دوران وقفے وقفے سے یہ سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے۔