Tuesday, April 23, 2024

لاہور میں امام کعبہ اور قائم مقام گورنر چودھری پرویز الہیٰ کی ملاقات

لاہور میں امام کعبہ اور قائم مقام گورنر چودھری پرویز الہیٰ کی ملاقات
April 16, 2019

 لاہور (92 نیوز) لاہور میں امام کعبہ شیخ عبداللہ عوام الجہنی نے قائم مقام گورنر پنجاب چودھری پرویزالہٰی سے ملاقات کی۔ انہوں نے سعودی ولی عہد کی جانب سے نیک خواہشات کاپیغام پہنچایا۔

 امام کعبہ کا کہنا تھا کہ دعا ہے اللہ تعالی پاکستان کی حفاظت فرمائے۔ انہوں نے کہا سعودی عرب اور پاکستان ایک جسم کی مانند ہیں۔

 قائم مقام گورنر چودھری پرویز الہٰی کا کہنا تھا کہ امام کعبہ کا مسلمانوں میں اخوت اور بھائی چارے کے فروغ میں اہم کردار ہے۔ چودھری پرویز الہٰی نے کہا سعودی عرب میں مقیم ہزاروں پاکستانی ملک کیلئے زرمبادلہ بھیجتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دیرینہ تعلقات ہیں۔

 امام کعبہ اور قائم مقام گورنر کی ملاقات میں دو طرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

 گزشتہ روز امام کعبہ شیخ عبداللہ عواد الجہنی نے پارلیمنٹ ہاوس کا دورہ کیا جہاں انہوں نے اسپیکر اور چیئرمین سینیٹ سے ملاقات کی تھی ۔ امام کعبہ نے اسپیکر ہاؤس میں ظہرانے کے بعد نماز ظہر کی امات بھی کرائی تھی۔

 امام کعبہ شیخ عبداللہ عواد الجہنی پارلیمنٹ ہائوس پہنچے جہاں اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر اور چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی سے ملاقات کی تھی ۔ ملاقات میں  پاکستان اورسعودی عرب کے درمیان تعلقات اورمسلم اُمہ کو درپیش مسائل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا تھا ۔

 اسپیکر قومی اسمبلی سے ملاقات میں امام کعبہ  کا کہنا تھا کہ پاکستان اور سعودی عرب کا دکھ درد اور منزل ایک ہے ، دونوں ملکوں کے درمیان دوطرفہ تعلقات امن، ترقی اور خوشحالی کی علامت ہیں۔

 اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے برادرانہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اظہار کیا تھا ۔

 چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے مشکل وقت میں ساتھ دینے پرسعودی عرب کا شکریہ ادا کیا تھا اور  کہا کہ سعودی ولی عہد کے حالیہ دورہ پاکستان نے باہمی تعاون کا نیا باب کھول دیا ہے، حجاج کے کوٹہ میں اضافہ خوش آئند ہے۔