Monday, May 6, 2024

لاہور میں اسٹریٹ کرائمز کے واقعات میں اضافہ

لاہور میں اسٹریٹ کرائمز کے واقعات میں اضافہ
August 27, 2018
لاہور( 92 نیوز) لاہور میں پچھلے سال کے مقابلے میں اسٹریٹ کرائمز کے  واقعات  میں اضافہ ہوگیا،آٹھ ماہ کے دوران اسٹریٹ کرائمز کے واقعات کی تعداد 2600سے بھی بڑھ گئی ۔ لاہور پولیس چوروں اور ڈاکوؤں کے سامنے بے بس ہوگئی ،  رواں سال کے ابتدائی 8 ماہ کے دوران چوری ڈکیتی کی وارداتیں 2600سے تجاوز کر گئیں  جبکہ گزشتہ سال دوہزاردوسوایک واقعات رپورٹ ہوئے تھے ۔ تھانہ سٹی ڈویژن کی حدودمیں 630 سٹریٹ کرائم رپورٹ ہوئے  جبکہ اسی تھانے کی حدود میں گزشتہ برس 464 واقعات رپورٹ ہوئے تھے ۔ تھانہ  سول لائنز ڈویژن میں دوہزار سترہ میں دوسوپچانوے واقعات رپورٹ ہوئے تھے جب کہ امسال 325 سے زائد واقعات ہوچکے ہیں ۔ صدرڈویژن تھانے کی حدود میں گزشتہ سال اسٹریٹ کرائمز کےچارسوبتیس واقعات ہوئے جبکہ رواں برس اب تک چارسوساٹھ سے زائدواقعات   سامنے آگئے ہیں ۔ اسی طرح تھانہ اقبال ٹاؤن کی حدود میں بھی وارداتوں میں اضافہ دیکھنے میں آیا ، اس تھانے کی حدود میں گزشتہ سال 380 واقعات  رپورٹ ہوئے تھے جب کہ رواں برس کے 8 ماہ میں  ہی 520 وارداتیں رپورٹ ہوئی ہیں جب کہ  سال کے 4 ماہ بھی باقی ہیں ۔ گزشتہ بر س ماڈل ٹاؤن ڈویژن میں 287 اس سال 420 واقعات سامنے آئے ہیں ۔ لاہور میں شاہین اسکواڈ ، پیرو ، ڈولفن سمیت دیگر جدید فورسز  کروڑوں روپے  ماہانہ  سرکاری خزانے سے لے رہی ہیں مگر ان کی جانب سے تاحال کوئی خاطر خواہ کارکردگی سامنے نہ آ سکی ۔ اس طرح یہ فورسز صرف سفید ہاتھی کا کام کر رہی ہیں ۔