Friday, April 19, 2024

لاہور میں اسموگ کے باعث آج اسکولوں میں چھٹی

لاہور میں اسموگ کے باعث آج اسکولوں میں چھٹی
November 7, 2019
لاہور ( 92 نیوز ) لاہور میں اسموگ نے ڈیرے ڈالے رکھے ، گزشتہ رات اسموگ اس قدر بڑھ گئی کہ  شہریوں کو سانس لینے میں دشواری کا سامنا ہے جب کہ آنکھیں بھی بری طرح جلن کا شکار ہے ۔ صورتحال کے پیش نظر لاہور کے تمام سرکاری اسکول بند ہیں جب کہ شہر کے تمام نجی اسکولوں میں بھی آج چھٹی ہے ۔ بھارت سے اٹھنے والا زہریلا دھواں اسموگ کی صورت میں لاہور کی فضا پر چھا گیا ، زندہ دلان لاہور رات گئے بھارتی دھوئیں سے بننے والی اسموگ سے سخت اذیت میں مبتلا رہے  تاہم ہوا اور بارش کے باعث اسموگ کی شدت میں کمی ہو گئی، صوبائی حکومت نے فوری طور پر ایک دن کیلئے بند کر دیے ۔ بھارتی پنجاب میں فصلوں کی باقیات جلانے جانے کے باعث اٹھنے والا دھواں سرحد کے اِس پار لاہوریوں کے لئے وبال جان بن گیا ، رات گئے شہر کی فضا میں اسموگ کی تہہ چھا گئی  جس سےشہریوں کو سانس لینے میں دشواری اور آنکھوں میں جلن ہونے لگی۔ وزیرتعلیم پنجاب نے فوری طور پر  لاہور کے تمام سرکاری اور پرائیویٹ اسکولوں کی بندش کا اعلان کیا ۔ رات گئے چھٹی کا اعلان ہونے پر بعض طلبا اور اساتذہ بے خبر رہے اور صبح معمول کے مطابق اسکول پہنچے۔ عالمی ادارہ صحت کے مطابق ایئر کوالٹی انڈیکس کا نارمل معیار زیرو سے 35 کے درمیان ہے جو گزشتہ رات لاہور کے مختلف مقامات پرخطرناک طور پر  آٹھ سو سے تجاوز کر گیا ۔ محکمہ موسمیات کے مطابق اس وقت واہگہ کے مقام پر فضا کی کوالٹی کا انڈیکس تین سو تیس ہے  ۔ وزیر اطلاعات پنجاب اسلم اقبال کہتے ہیں بھارت نے بارڈر کے قریب فصلیں جلائیں جو اسموگ کا باعث بنیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے اسموگ پھیلنے پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے محکمہ ماحولیات، انتظامیہ اور دیگر متعلقہ اداروں کوہمہ وقت چوکنا رہنے کی ہدایت کی ہے۔