Sunday, September 8, 2024

لاہور میں آن لائن ٹیکسی چلانے والے ڈرائیور کا قاتل پکڑا گيا

لاہور میں آن لائن ٹیکسی چلانے والے ڈرائیور کا قاتل پکڑا گيا
January 12, 2021

لاہور (92 نیوز) آن لائن ٹیکسی چلانے والے ڈرائیور کے قتل کا معاملہ حل ہو گیا۔ گھر کے واحد کفیل کو بے دردری سے قتل کرنے والا ملزم گرفتار کر لیا گیا۔

باغبانپورہ کے رہائشی 26 سالہ محمد علی کی گاڑی میں سفر کرنے والا طاہر اس کا قاتل نکلا۔ پولیس کے مطابق ملزم کو رائیڈ بک کروا کر دینے والے اس کے دوست محسن کی نشاندہی پر گرفتار کیا گیا۔

طاہر نے پولیس کی زیر حراست قتل کا اعتراف بھی کر لیا۔ اس نے بتایا گاڑی تاخیر سے آنے پر ڈرائیور سے تلخ کلامی ہوئی۔ ملزم نے بتایا محمد علی نے گاڑی سے اترنے کا کہا تو وہ طیش میں آگیا اور ڈرائیور کو  گولی مار دی۔

پولیس کے مطابق ملزم کے بيان پر شکوک و شبہات ہيں۔ اس سے  مزيد تفتيش جاری ہے۔

چند روز قبل محمد علی رات آٹھ بجے گھر سے محنت مزدوری کے لئے گاڑی لے کر نکلا لیکن واپس نہ آیا۔