Thursday, March 28, 2024

لاہور میں آلودہ پانی سے سیراب فصلیں انسانی صحت کیلئے جان لیوا

لاہور میں آلودہ پانی سے سیراب فصلیں انسانی صحت کیلئے جان لیوا
June 20, 2015
لاہور (92نیوز) لاہور میں گندے نالوں اور فیکٹریوں سے خارج ہونے والے آلودہ پانی سے سیراب ہونے والی فصلیں انسانی صحت کےلئے جان لیوا بننے لگیں۔ دریائے راوی کے گردونواح میں ایسی فصلوں کی بہتات ہو گئی۔ تفصیلات کے مطابق صوبائی دارالحکومت لاہور کے گردونواح میں فیکٹریوں اور گندے نالوں سے خارج ہونے والا زہرآلود پانی سبزیوں کو سیراب کرنے کےلئے استعمال ہونے لگا۔ شہری زہرملے پانی سے اگنے والی سبزیاں کھانے پر مجبور ہو گئے ہیں۔ آلودہ پانی سے فصلوں کو سیراب کرنے والے کسانوں نے کہا کہ جب تک حکومت صاف پانی مہیا نہیں کرے گی وہ آلودہ پانی استعمال کرتے رہیں گے۔ ڈائریکٹر ماحولیات سے جب آلودہ پانی سے فصلوں کی آبیاری کو روکنے کے حوالے سے پوچھا گیا تو موصوف محکمہ کی اس حوالے سے ہونے والی قانون سازی سے لاعلم نکلے۔ ماہرین صحت نے کہا ہے کہ زہریلے پانی سے سیراب ہونے والی فصلیں انسانی صحت کےلئے خطرناک ہیں۔ حکومت کو چاہیے کہ وہ اس ضمن میں کی گئی قانون سازی پر سختی سے عمل درآمد کروائے تاکہ قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع کو روکا جا سکے۔