Monday, May 13, 2024

لاہور میں 850 روپے والا بیس کلو آٹے کا تھیلا عوام کی پہنچ سے دور ہو گیا

لاہور میں 850 روپے والا بیس کلو آٹے کا تھیلا عوام کی پہنچ سے دور ہو گیا
July 5, 2020

لاہور ( 92 نیوز) لاہور میں 850 روپے والا بیس کلو آٹے کا تھیلا عوام کی پہنچ سے دور ہو گیا، فلور ملز ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ مطالبات کی منظوری تک سبسڈائز گندم نہیں اٹھائیں گے، ادھر خیبرپختونخوا میں بھی آٹے کا بحران سنگین ہو گیا، 20کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت1100 روپے تک پہنچ چکی ہے۔

نوٹس کام آئے نہ سختیاں، حکومتی نرخ مقرر ہونے کے تین دن بعد بھی عوام کو ریلیف نا مل سکا، آٹھ سو پچاس روپے میں بیس کلو آٹے کا تھیلا عوام کی پہنچ سے دور ہے، مارکیٹ میں بیس کلو آٹے کی قیمت بدستور ایک ہزار پچاس روپے ہے ۔ تنور مالکان کہتے ہیں کہ آٹا مہنگا ملنے کی وجہ سے روٹی اور نان کی قیمتیں بڑھانا پڑیں ۔

پنجاب فلور ملز ایسوسی ایشن کے چیئرمین عبدالرؤف مختار کہتے ہیں کہ حکومت جب تک مطالبات تسلیم نہیں کرتی سبسڈائز گندم نہیں اٹھائیں گے۔

دوسری طرف مہنگائی کی چکی میں پسے عوام حکومت سے مہنگائی ختم کرنے کی اپیلیں کرتے دکھائی دیتے ہیں ۔

ادھر خیبرپختونخوا میں آٹا بحران نے ایک بار پھر سر اٹھا لیا ، صوبائی دارالحکومت پشاور میں 20 کلوگرام آٹے کے تھیلے کی قیمت 100 روپے اضافے کے بعد گیارہ سو روپے ہو گئی جبکہ فائن آٹے کی قیمت ایک ہزار پچاس روپے سے بڑھ کر ساڑھے 11 سو تک پہنچ گئی ہے۔