Friday, April 26, 2024

لاہور میں 250 ملی میٹر تک بارش ہوئی، نشیبی علاقے زیر آب آ گئے

لاہور میں 250 ملی میٹر تک بارش ہوئی، نشیبی علاقے زیر آب آ گئے
July 16, 2019
 لاہور (92 نیوز) مون سون کی طوفانی بارش سے ہر طرف پانی ہی پانی ہو گیا۔ لاہور میں 250 ملی میٹر تک بارش ہوئی جس سے نشیبی علاقے زیر آب آ گئے اور سڑکیں ندی نالوں کا منظر پیش کرنے لگیں۔ پانی مکانوں میں بھی داخل ہو گیا۔ بارش کے نتیجے میں ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی جبکہ بجلی کی فراہمی کا نظام درہم برہم ہو گیا۔ جی پی او، کشمیر روڈ، کوپر روڈ، ہربنس پورہ، مغل پورہ، جیل روڈ، مسلم ٹاؤن، گارڈن ٹاؤن، جوہر ٹاؤن، واپڈا ٹاؤن، ٹھوکر نیاز بیگ سمیت لاہور کے کئی علاقے پانی میں ڈوبے رہے۔ لاہور گزشتہ تین دن سے بادلوں کے نرغے میں ہے ، آج تیسرے دن بھی بارش نے لاہور کو بھگو دیا ، موسلادھار بارش علی الصبح ہی شروع ہو گئی جو قریب 8 بجے تک جاری رہی ۔ موسلا دھار بارش کے بعد ہلکی بارش بھی دیر تک جاری رہی جس نے موسم کو دلفریب بنا دیا  البتہ نشیبی علاقوں میں پانی  بھرنے سے مکینوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ۔ بارشوں اور گلیشیئر پگھلنے پر دریاؤں میں پانی کی مقدار بڑھ گئی۔ دریائے سندھ میں چشمہ کے مقام پر نچلے درجے کا سیلاب آ گیا۔ چشمہ بیراج پر پانی کی آمد دو لاکھ پچاس ہزار ہوئی  اور جناح بیراج میں پانی کی آمد دو لاکھ بیس ہزار کیوسک سے بڑھ گئی۔ میانوالی میں ضلعی انتطامیہ نے سیلاب کے خطرے پر عملے کی چھٹیاں منسوخ کر دیں۔ ادھر محکمہ موسمیات کےمطابق اسلام آباد،  راولپنڈی، گوجرانوالہ، فیصل آباد میں آج بارش کا امکان ہے جب کہ مالاکنڈ، پشاور، کوہاٹ، مردان، بنوں، ژوب اور کشمیر میں بھی بادل برسیں گے۔