Saturday, May 18, 2024

لاہور: میو اسپتال کی ایمرجنسی کی سی ٹی اسکین مشین دو ماہ سے خراب، مریضوں کی زندگیاں دائو پر لگ گئیں

لاہور: میو اسپتال کی ایمرجنسی کی سی ٹی اسکین مشین دو ماہ سے خراب، مریضوں کی زندگیاں دائو پر لگ گئیں
May 13, 2016
لاہور (نائنٹی ٹو نیوز) لاہور کے میو اسپتال کی ایمرجنسی کی سی ٹی اسکین مشین دو ماہ سے خراب ہے۔ وینٹی لیٹرز کی بھی کمی ہے جس کی وجہ سے مریضوں کی زندگیاں داؤ پر لگ گئی ہیں۔ میو اسپتال کے عملے کے مطابق ایمرجنسی کی سی ٹی سکین مشین ایک ماہ سے بند پڑی ہے جس کی وجہ سے یا تو مریض دوسرے اسپتالوں کو ریفر کر دئیے جاتے ہیں یا انہیں سی ٹی سکین کرانے ایکسرے ڈیپارٹمنٹ جانا پڑتا ہے جو اسپتال سے کم ازکم آدھا کلومیٹر کی دوری پر واقع ہے۔ ڈاکٹرز کے مطابق مشین کی خرابی کے بارے میں انتظامیہ کو کئی بار آگاہ کیا مگر تاحال کچھ نہیں کیا گیا۔ دوسری جانب وینٹی لیٹرز کی کمی کے باعث وارڈز میں ایمو بیگز کے ذریعے مریضوں کو آکسیجن دی جارہی ہے۔ ینگ ڈاکٹرز کے مطابق نارتھ میڈیکل وارڈ میں وینٹی لیٹرز کی ویٹنگ لسٹ کے تین مریض جاں بحق ہو چکے ہیں جبکہ متعدد کی حالت تشویشناک ہے، حکومت نے فوری نوٹس نہ لیا تو کئی قیمتی جانوں کا ضیاع ہو سکتا ہے۔ ڈاکٹرز نے مطالبہ کیا ہے کہ پنجاب حکومت صحت کے بجٹ کو اورنج لائن ٹرین کے منصوبوں پر خرچ کرنے کے بجائے اسپتالوں کی حالت زار پر توجہ دے تاکہ غریب مریضوں کی جانیں بچائی جا سکیں۔