Friday, April 19, 2024

لاہور ، مون سون بارشیں رحمت کی بجائے زحمت بننے لگیں

لاہور ، مون سون بارشیں رحمت کی بجائے زحمت بننے لگیں
June 29, 2018
لاہور (92 نیوز) مون سون بارشیں رحمت کی بجائے زحمت بننے لگیں۔ لاہور میں مسلسل تیسرے روز بھی بارش ہوئی جس سے کئی شاہراہیں پانی میں ڈوب گئیں۔ میٹرو ٹریک بھی پانی کی زد میں آ گیا۔ شدید گرمی میں بارش کو رحمت سے تعبیر کیا جاتا ہے لیکن انتظامی نا اہلی اور پانی سے نمٹنے کے مناسب اقدامات نہ ہونے کی وجہ سے یہ ہمیشہ پاکستانیوں کیلئے زحمت کی صورت بن جاتی ہے۔ مون سون بارشوں کا سلسلہ شروع ہوتے ہی حکومتی کارکردگی کا پول کھل کر سامنے آ گیا ہے۔ لاہور میں مسلسل تیسرے روز بھی بارش جاری ہے۔ بارش کی وجہ سے لاہور کے مصروف ترین تجارتی مرکز لبرٹی مارکیٹ کی مین شاہراہ پانی میں ڈوب گئی۔ صورتحال سے شہری پریشان ہیں۔ کہا مون سون کے آغاز میں ہی یہ حال ہے تو آگے کیا ہو گا۔ صورتحال ملک کے سب سے بڑے شہر کراچی میں بھی مختلف نہیں۔ کراچی میں مون سون بارش کے پہلے اسپیل کا آج دوسرا روز ہے جو مزید 2 دن جاری رہے گا۔ بارش کی وجہ سے پہلے سے ہی کچرا کنڈی بنا شہر مزید خراب حلیہ پیش کر رہا ہے۔ ملتان، ساہیوال، حافظ آباد سمیت ملک کے کئی دوسرے علاقوں میں بھی بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ ملتان اور اس کے گردونواح میں آج مطلع جزوی طور پر ابرآلود رہے گا،جبکہ بارشوں کا سلسلہ مزید دو تین دن تک جاری رہنے کا امکان ہے۔ حافظ آباد،ساہیوال اور انکے مضافات میں  بارش سے موسم خوشگوار ہو گیا۔ دونوں شہروں میں گرمی کا زور ٹوٹ گیا اور شہریوں کے چہرے خوشی سے کھل اٹھے۔