Thursday, March 28, 2024

لاہور موسلا دھار بارش سے پانی پانی ہوگیا ، کئی علاقوں میں بجلی غائب

لاہور موسلا دھار بارش سے پانی پانی ہوگیا ، کئی علاقوں میں بجلی غائب
August 29, 2016
لاہور(92نیوز)صوبائی دارالحکومت لاہور میں موسلا دھار بارش سے جل تھل ہوگیا ۔ سڑکیں  اور بازار پانی میں ڈوب گئے جبکہ  ٹریفک جام  کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ تفصیلات کےمطابق صبح سویرے دھوپ کے بعد دوپہر کو سرمئی بادلوں اور گھنگھور گھٹاؤں نے لاہور کا رخ کیا اور جم کر برسیں۔  باران رحمت سے ہر طرف پانی ہی پانی ہو گیا اور نکھرے نکھرے قدرتی نظارے آنکھوں کو خیرہ کرنے لگے۔ بارش سے پنجاب اسمبلی ہو یا لاہور ہائیکورٹ  تمام ادارے حکومتی کارکردگی زبان حال سے بیان کرتے دکھائی دیئے نشیبی علاقوں کے ساتھ ساتھ پوش علاقے بھی زیرآب آ گئے شہر بھر کی تمام شاہراہوں پر ٹریفک کی روانی بھی متاثر رہی جس میں ایمبولینسیں بھی پھنسی رہیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے ہدایت کی کہ بارش کے پانی کی نکاسی کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں۔ منتخب نمائندے، انتظامیہ اور متعلقہ ادارے مل کر نکاسی آب کو یقینی بنائیں۔ اپوزیشن لیڈر حکومت پر برس پڑے میاں محمودالرشید نے کہا کہ ذرا سی بارش ہوتی ہے اور لاہور ڈوب جاتا ہے گڈگورننس کے دعوے کدھر ہیں۔ بارش کے باعث صوبائی وزیر چودھری شفیق کی سرکاری رہائش گاہ کی دیوار گرگئی جس سے بارش کا پانی گھر میں داخل ہو گیا۔ دوسری طرف باران رحمت سے لاہور کا موسم خوشگوار ہو گیا جس سے شہریوں کے چہرے کھل اٹھے جبکہ  بارش کے دوران لیسکو کے ترسیلی نظام نے ایک بار پھر عوام کو دھوکہ دے دیا۔ 80 سے زائد فیڈر ٹرپ کر جانے سے کئی علاقوں میں بجلی غائب ہو گئی۔