Friday, March 29, 2024

لاہور، ملتان سمیت ملک کے مختلف شہروں میں سورج آگ برساتا رہا

لاہور، ملتان سمیت ملک کے مختلف شہروں میں سورج آگ برساتا رہا
May 26, 2020
لاہور (92 نیوز) لاہور، ملتان سمیت ملک کے مختلف شہروں میں سورج آگ برساتا رہا، سبی میں پارا 46 ڈگری کو چھو گیا، گرمی کے ستائے شہریوں نے نہروں، دریاؤں، جھیلوں کا رخ کیا، ڈوب کر کئی افراد جان کی بازی بھی ہار گئے۔ سورج دن بھر سوا نیزے پر رہا، خوب قیامت ڈھائی، کئی علاقوں میں درجہ حرارت 45 ڈگری سینٹی گریڈ سے بھی تجاوز کر گیا۔ فیصل آباد اور لاہور میں سورج کا پارہ 42 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا پہنچا، ملتان اور بہاولپور میں درجہ حرارت 44 اور 45 ڈگری سینٹی گریڈ تک ریکارڈ کیا گیا جبکہ بلوچستان میں تربت اور سبی میں سورج کا پارہ بالترتیب 43 اور 46 ڈگری تک پہنچ گیا۔ گرمی نے رنگ دکھایا تو شہریوں نے نہروں، دریاؤں، جھیلوں اور سوئمنگ پولز کا رخ کیا، کئی افراد ڈوب کر جان گنوا بیٹھے۔ کراچی میں نادرن بائی پاس کے قریب نہر میں نہاتے ہوئے 10 سالہ فرحان ڈوب کر دم توڑ گیا۔ راولپنڈی کا 14 سالہ لڑکا شاہ پور ڈیم میں ڈوب کر جاں بحق ہوگیا، امدادی اداروں نے عثمان کی نعش ڈیم سے نکال کر لواحقین کے سپرد کردی۔ خیرپور میں بھی دو بچے ڈوب کر چل بسے، 13 سالہ دانش اور 15 سالہ جاوید فیض گنج نہر کی لہروں کا نشانہ بنے، قصور میں بی آر بی نہر میں دو لڑکے نہاتے ہوئے ڈوب گئے، ایک کو زندہ بچا لیا گیا،،حجرہ شاہ مقیم میں چودہ سالہ لڑکا نہر میں ڈوب گیا۔