Saturday, May 18, 2024

لاہور، ملتان، سرگودھا، مچھ سمیت مختلف جیلوں میں گیارہ مجرموں کو پھانسی، ساہیوال میں مجرم کی پھانسی صلح کی بنا پر ٹل گئی

لاہور، ملتان، سرگودھا، مچھ سمیت مختلف جیلوں میں گیارہ مجرموں کو پھانسی، ساہیوال میں مجرم کی پھانسی صلح کی بنا پر ٹل گئی
May 26, 2015
لاہور (نائنٹی ٹو نیوز) ملک میں سزا یافتہ مجرموں کو کیفرکردار تک پہنچانے کا سلسلہ جاری ہے اور آج لاہور، ملتان، فیصل آباد، گوجرانوالہ اور مچھ سمیت مختلف جیلوں میں قتل کے گیارہ مجرموں کو پھانسی دے دی گئی۔ نیشنل ایکشن پلان پر عمل درآمد کےآغاز کے بعد یہ دوسرا موقع ہے کہ ایک دن میں گیارہ مجرموں کو تختہ دار پر چڑھایا گیا ہے۔ کوٹ لکھپت جیل میں شیر علی اور محمد شکیل کو پھانسی دی گئی۔ فیصل آباد میں بھی قتل کے دو مجرموں آصف اور افتخار کو تختہ دار پر لٹکا دیا گیا۔ آصف نے انیس سو اٹھانوے میں اپنے مخالف جبکہ افتخار نے دو ہزار ایک میں معمولی تنازعہ پر ایک شخص کو قتل کیا تھا۔ سنٹرل جیل ملتان میں رانا فریاد کو اپنے کزن کے قتل کے جرم میں جبکہ مچھ سنٹرل جیل میں ابراہیم جوگیزئی کو پھانسی دی گئی۔ ایک ہی خاندان کے چھے افراد کا قاتل نور احمد بھی بالآخر انجام کو پہنچا۔ نور احمد کو ڈسٹرکٹ جیل ٹوبہ ٹیک سنگھ میں پھانسی دی گئی۔ ادھر گوجرانوالہ، جہلم، سرگودھا اور ساہیوال کی جیلوں میں پھانسی کے منتظر قیدیوں کو پھانسی دی گئی۔ سرگودھا میں امجد علی نامی مجرم نے تین قتل کئے تھے جبکہ ساہیوال میں قید فیض کی پھانسی مدعی پارٹی سے صلح پر ٹل گئی۔