Monday, September 16, 2024

لاہور: مقامی ہوٹل میں لڑکی کی ہلاکت کےکیس میں نیا موڑ آگیا ،آخری کال وصول کرنیوالے نے پولیس کو بیان دیدیا

لاہور: مقامی ہوٹل میں لڑکی کی ہلاکت کےکیس میں نیا موڑ آگیا ،آخری کال وصول کرنیوالے نے پولیس کو بیان دیدیا
August 2, 2016
لاہور(92نیوز)صوبائی دارالحکومت لاہورکے مقامی ہوٹل میں لڑکی کی ہلاکت کے معاملے میں نیاموڑآگیا، آخری کال وصول کرنے والاشخص پولیس کےسامنے پیش ہوگیا۔ سکیورٹی ادارے کے ملازم عامر خٹک نے رابعہ نصیر کے ساتھ دوستی کا اقرار کر لیا۔ پولیس نے ابتدائی تفتیش میں موت کو محبت میں ناکامی پر خودکشی قرار دے دیا۔ تفصیلات کےمطابق لاہور کے مقامی ہوٹل میں طالبہ کی ہلاکت کے معاملے میں نئے انکشاف سامنے آ گئے رابعہ نصیر کی آخری کال وصول کرنے والا عامرخٹک سکیورٹی ادارے کا ملازم نکلا جس نے پولیس کو بیان دیتے ہوئے رابعہ نصیرسے دوستی کا اقرار کر لیا۔ عامر خٹک کے مطابق رابعہ اس سے ملنا چاہتی تھی لیکن وہ نہیں ملا جبکہ مقتولہ نے ہوٹل میں جانے کی اطلاع اسے دی تھی۔ دوسری جانب پنجاب فرانزک ایجنسی کے ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ ہوٹل میں گولی لگنے سے ہلاک ہونے والی طالبہ رابعہ نصیر کے جسم اور کپڑوں سے گن شاٹ ریزی ڈیوز مل گئے ہیں۔ فائر چلنے سے جو ذرات فائرنگ کرنے والے کے جسم اور کپڑوں پر گریں انہیں گن شاٹ ریزی ڈیوز کہا جاتا ہے۔ فرانزک ماہرین نے پولیس کو آگاہ کیا ہے کہ رابعہ کے جسم اور کپڑوں سے ملنے والے ریزی ڈیوز اسی پستول کے تھے جو ہوٹل کے ٹوائلٹ سے ملا تھا اس فرانزک تجزئیے کی روشنی میں پولیس موت کو خودکشی قرار دینے کی تیاری کر رہی ہے تاہم فرانزک ذرائع کے مطابق طالبہ کی موت کو خودکشی قرار دینے کے لئے صرف جی ایس آرز کا ملنا کافی نہیں۔ پولیس کو اپنا کیس واقعاتی شہادتوں اور موبائل فون ریکارڈز کے ذریعے بھی ثابت کرنا ہو گا۔ چند روز قبل عامر خٹک کی قریبی عزیز خاتون نے بیٹوں کے ہمراہ رابعہ کے گھر جا کر اس سے ہاتھاپائی کی اور دھمکیاں بھی دی تھیں۔ ذرائع کے مطابق ابتدائی تفتیش میں پولیس نے رابعہ کی موت کو محبت میں ناکامی پر خودکشی قرار دے دیا ہے اور اب اس نکتے پر تفتیش کر رہی ہے کہ مقتولہ کے پاس اسلحہ کیسے آیا۔