Monday, September 16, 2024

لاہور : محنت کش کے گھر سلنڈر پھٹنے سے چار بچے جاں بحق‘ ایک زخمی

لاہور : محنت کش کے گھر سلنڈر پھٹنے سے چار بچے جاں بحق‘ ایک زخمی
February 4, 2016
لاہور (92نیوز) لاہور میں سلنڈر دھماکے نے ایک ہی گھر کے چار چراغ گل کر دیے جبکہ ایک بچی کو شدید زخمی حالت میں ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے افسوسناک واقعہ پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے زخمی بچی کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔ تفصیلات کے مطابق ملتان روڈ پر واقع حسن ٹاون کے ایک گھر میں اس وقت آگ بھڑک اٹھی جب والدگھر سے باہر تھا جبکہ کمسن بچے اپنی والدہ کے ساتھ گھر میں سو رہے تھے۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق گھر میں شارٹ سرکٹ کے باعث آگ بھڑک اٹھی جس کے نتیجے میں ایک بچی سات سالہ نفطین سمیت چار بچے تین سالہ حنان، چھے سالہ ارسلان اور آٹھ سالہ عثمان جاں بحق ہو گئے جبکہ ایک بچی سفینہ بتول کو شدید زخمی حالت میں میو ہسپتال منتقل کر دیا گیا جس کی حالت نازک بتائی جاتی ہے جبکہ ان کی والدہ معمولی زخمی ہوئی ہے۔ ڈی آئی جی آپریشنز کا کہنا ہے کہ آگ لگنے کی وجہ معلوم کرنے کے لیے تحقیقات کی جائیں گی۔ جاں بحق ہونے والے بچوں کا والد طارق محنت مزدوری کرتا ہے جبکہ وہ کرایہ کے مکان میں رہتے ہیں۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق چاروں جاں بحق ہونے والے بچے سگے بہن بھائی تھے۔ وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے جاں بحق ہونے والوں کے لواحقین سے ہمدردی اور تعزیت کا اظہارکیا اور زخمی بچی کو علاج معالجے کی بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔ وزیراعلیٰ نے افسوسناک واقعہ کی تحقیقات کا حکم دیتے ہوئے انتظامیہ سے رپورٹ بھی طلب کر لی ہے۔