Thursday, April 25, 2024

لاہور ، مال روڈ پر جی پی او چوک میں گہرا شگاف پڑ گیا

لاہور ، مال روڈ پر جی پی او چوک میں گہرا شگاف پڑ گیا
July 3, 2018
لاہور (92 نیوز) ملک کے بیشتر علاقوں کی طرح لاہور میں بھی رات گئے سے وقفے وقفے کے ساتھ موسلادھار بارش جاری ہے۔ انتظامیہ کی اعلیٰ کارکردگی کا ثبوت سب کے سامنے آگیا۔ اربوں کے منصوبے میٹرو اورنج لائن کے ترقیاتی کام کے میٹریل کا پردہ بھی فاش ہو گیا۔ مال روڈ پر جی پی چوک میں گہرا شگاف پڑ گیا جس سے اسٹیٹ بینک سمیت اہم عمارتوں کو شدید خطرات لاحق ہو گئے۔ میٹرو اورنج لائن ٹرین کے زیر زمین بنائے گئے سٹیشن کی تعمیر کے بعد بنائی گئی سڑک میں استعمال کئے گئے میٹریل پر بھی بارش نے رحم نہ کھایا اور ناقص میٹریل کی حقیقت گڑے میں پانی کی شکل میں گرتی رہی۔ سڑک ترقیاتی ادارہ لاہور کے چیف انجینئر و دیگر انجینئرز کی سربراہی میں بنائی گئی تھی۔ جی پی او کے سامنے سڑک پر بننے والے شگاف سے میٹرو اورنج لائن ٹرین کے انڈر گراؤنڈ سٹیشن کو بھی خطرات لاحق ہو گئے۔ لاہور پیرس تو نہ بن سکا لیکن وینس ضرور بن گیا۔ سابق وزیر اعلیٰ شہباز شریف کے بلند و بانگ دعوؤں کو بارش بہا لے گئی۔ صوبائی دارالحکومت کے زیادہ تر علاقے پانی میں ڈوبے ہوئے ہیں۔ شہباز شریف  اپنے دور اقتدار میں لاہور کو پیرس بنانےکے دعوے ہر جگہ کرتے رہے ۔ حال ہی میں کراچی میں  جلسے سے خطاب کے دوران شہر قائد کو بھی  لاہور بنانے کا لارا لگا ڈالا۔ پنجاب کے زیادہ تر فنڈز لاہور پر خرچ کرنے کے باوجود صورتحال جوں کی توں  ہے۔ بارش کے باعث صوبائی دارالحکومت میں نظام زندگی مفلوج ہو کر رہ گیا۔ شہباز شریف صوبے پر طویل حکمران کے باوجود نکاسی آب کےنظام کو بہتر نہ بنا سکے۔ شہری سوال اٹھا رہے ہیں کہ اتنے سال مسلسل حکومت کرنے کے باوجود عوام کے لیے کچھ نہ کر سکنے والے اب کس منہ سے دوبارہ ووٹ مانگ رہے ہیں۔