Sunday, September 8, 2024

لاہور: قیدیوں کے مقدمات جلد نمٹانے کیلئے کیس مینجمنٹ کمیٹی کے قیام کا اعلان

لاہور: قیدیوں کے مقدمات جلد نمٹانے کیلئے کیس مینجمنٹ کمیٹی کے قیام کا اعلان
July 6, 2016
لاہور (92نیوز) چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس منصور علی شاہ نے قیدیوں کے مقدمات جلد نمٹانے کے لئے کیس مینجمنٹ کمیٹی قائم کرنے کا اعلان کر دیا۔ چیف جسٹس کہتے ہیں کہ جیلوں میں گنجائش سے زیادہ قیدی ہیں اور عید کے موقع پر ایک صحافی توہین عدالت کی کارروائی سے کیسے بچا۔ تفصیلات کے مطابق چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس منصور علی شاہ کیمپ جیل کے دورے پر پہنچے تو انھیں گارڈ آف آنر دیا گیا۔ قیدیوں سے ملاقات کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے چیف جسٹس نے کہا کہ عید کی خوشی میں معمولی مقدمات میں ملوث انتیس قیدیوں کی رہائی کا حکم دیا گیا ہے۔ جیل میں زیادہ تر انڈر ٹرائل قیدی ہیں۔ ہنر مند قیدیوں سے کام لینے کے لیے اقدامات کی ضرورت ہے۔ اس موقع پر نائنٹی ٹو نیوز کے نمائندے نے ججوں کی کمی اور جیلوں میں زائد قیدیوں کے حوالے سے سوال کیا تو چیف جسٹس نے مسکراتے ہوئے کہا کہ آپ پر توہین عدالت لگ سکتی ہے مگرعید کی خوشی میں ایسا نہیں کر رہے۔ چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ عدلیہ کی کوشش ہے کہ مقدمات جلد نمٹائے جائیں تاکہ جیلیں خالی ہوں۔ قیدیوں کو مفید شہری بنانے کے لیے خصوصی کورسز کرائے جائیں گے۔