Saturday, May 4, 2024

لاہور قلندرز کو مسلسل تیسری شکست ، پشاور زلمی کی 16 رنز سے فتح

لاہور قلندرز کو مسلسل تیسری شکست ، پشاور زلمی کی 16 رنز سے فتح
February 29, 2020
راولپنڈی (92 نیوز) پاکستان سپر لیگ میں لاہور قلندرز کو مسلسل تیسری شکست کا سامنا کرنا پڑا، پشاور زلمی نے لاہور کو 16 رنز سے ہرا دیا، راولپنڈی میں ہونے والے میچ میں بارش کے بعد چوکوں چھکوں کی بھی برسات ہوگئی، میچ میں 15 چھکے اور 20 چوکے لگے۔ لاہور قلندر کی ٹیم فتح اور فین جشن کو ترس گئے، مقدر اور موسم نے لاہور قلندرز کا ساتھ نہ دیا۔ لاہور قلندرز کو پی ایس ایل فائیو میں مسلسل تیسری شکست ہوئی۔ پشاور زلمی نے 16رنز سے میدان مار لیا۔ راولپنڈی میں پہلے بادل کھل کر برسے پھر چوکوں چھکوں کی برسات ہوگئی، بارش سے متاثرہ میچ میں پشاور زلمی نے مقررہ بارہ اوورز میں ایک سو بتیس رنز بنا ڈالے۔ پشاور کی طرف سے ٹام بینٹن اور حیدر علی 34 ، 34 رنز بنا کر نمایاں بلے باز رہے۔ ہدف کے تعاقب میں لاہور قلندرز نے آغاز تو طوفانی کیا، کرس لِین نے تیس اور فخر زمان نے 22 رنز بنائے، لیکن اوپنرز کے آؤٹ ہوتے باقی بلے باز کچھ نہ کر سکے۔ اوپنرز کے رخصت ہوتے ہی وقفے وقفے سے وکٹیں گرتی گئیں، اور لاہور قلندرز پر دباؤ بڑھتا رہا، سمت پٹیل نے کچھ مزاحمت دکھائی لیکن ان کے ناقابل شکست 34 رنز بھی ٹیم کو فتح نہ دلا سکے۔ پشاور زلمی کی جانب سے گریگوری نے 4 ، وہاب ریاض اور عامرخان نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ عمدہ باؤلنگ پر پشاور زلمی کے لیوس گریگوری میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔