Friday, May 10, 2024

لاہور، فیصل آباد سمیت پنجاب کی صنعتوں اور سی این جی سیکٹر کو گیس سپلائی بند

لاہور، فیصل آباد سمیت پنجاب کی صنعتوں اور سی این جی سیکٹر کو گیس سپلائی بند
December 20, 2019
 لاہور (92 نیوز) سردی کے رنگ جماتے ہی گیس بحران سنگین ہو گیا۔ لاہور، فیصل آباد سمیت پنجاب کی صنعتوں اور سی این جی سیکٹر کو گیس سپلائی بند کر دی گئی۔ ترجمان سوئی ناردرن نے ردعمل دیتے ہوئے کہا گھریلو صارفین کو پریشانی سے بچانے اور گیس طلب پوری کرنے کیلئے جنرل انڈسڑی کو گیس فراہمی عارضی بند کی۔ زیرو ریٹڈ انڈسٹری کو سپلائی جاری رہے گی۔ ترجمان سوئی سدرن کے مطابق سندھ میں گیس کی طلب 1500 ایم ایم سی ایف ڈی پہنچ گئی ہے۔ سدرن گیس ذخائر بہتر ہوتے ہی گیس کی سپلائی معمول کے مطابق آجائے گی۔ ادھر سندھ میں سی این جی اسٹیشنز کو چوتھے دن بھی گیس کی سپلائی بحال نہ ہو سکی جس سے پبلک ٹرانسپورٹ بری طرح متاثر ہے۔ گیس کی سپلائی متاثر ہونے سے رکشہ اور ٹیکسی ڈرائیوروں کی بھی پریشانی بڑھ گئی ۔ گھریلو صارفین بھی گیس بحران کا شکار ہو گئے ۔ کئی علاقوں میں گھروں کے چولہےٹھنڈے ہو گئے اور خواتین کو مشکلات کا سامنا ہے۔ گیس پریشر میں کمی سے صنعتوں کا پہیہ بھی جام ہو گیا اور سائٹ کی صنعتوں میں پیداواری سرگرمیاں رک گئیں اور صنعتکاروں کو برآمدی آرڈر کی فکر ستانے لگی ۔ سوئی سدرن حکام کا کہنا ہے گھریلو صارفین کی ضروت اولین ترجیح ہے جسے ہر صورت پورا کرنے کیلئے سی این جی اسٹشنز اور صنعتوں کو فراہمی معطل کی ہے ۔