Thursday, April 25, 2024

لاہور، فیصل آباد، اسلام آباد سمیت متعدد شہروں میں بارش، گرمی کا زور ٹوٹ گیا، نشیبی علاقے زیرآب آ گئے

لاہور، فیصل آباد، اسلام آباد سمیت متعدد شہروں میں بارش، گرمی کا زور ٹوٹ گیا، نشیبی علاقے زیرآب آ گئے
July 7, 2015
لاہور (نائنٹی ٹو نیوز) اسلام آباد، راولپنڈی اور لاہور سمیت پنجاب کے کئی شہروں میں موسلادھار بارش نے گرمی کا زور توڑ دیا جبکہ نشیبی علاقے زیرآب آگئے۔ لاہور میں زیرتعمیر چار منزلہ پلازہ گر گیا جبکہ فیصل آباد میں دیوار گرنے سے دو افراد زخمی ہو گئے۔ دارالحکومت اسلام آباد، راولپنڈی، فیصل آباد، لاہور، ننکانہ صاحب، چیچہ وطنی، نارووال، وہاڑی سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں بارش کا سلسلہ رات بھر جاری رہا جس سے نشیبی علاقے زیرآب آ گئے اور پانی گھروں میں داخل ہونے سے مکینوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ فیصل آباد میں گھر کی دیوار گرنے سے دو افراد زخمی ہو گئے۔ لاہور کے علاقے ملت پارک میں تہہ خانے میں بارش کا پانی جمع ہونے سے زیرتعمیر چار منزلہ پلازہ گر گیا، کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ لاہور میں موسلادھار بارش سے دھرم پورہ اور جیل روڈ کے انڈر پاس پانی سے بھر گئے جس کے باعث کینال روڈ پر گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔ وسن پورہ، گھوڑے شاہ، مصری شاہ، نسبت روڈ اور لکشمی چوک کے علاقوں میں گھنٹوں پانی کھڑا رہا۔