Sunday, September 8, 2024

لاہور : عید کی چھٹیوں سے قبل معمر افراد کو پنشن نہ مل سکی‘ بینکوں کے باہر لمبی قطاریں

لاہور : عید کی چھٹیوں سے قبل معمر افراد کو پنشن نہ مل سکی‘ بینکوں کے باہر لمبی قطاریں
July 4, 2016
لاہور (92نیوز) عید سر پر آ گئی مگر پنشنرز کی نہ سنی گئی۔ لاہور میں عید کی چھٹیوں سے ایک دن پہلے تک معمر افراد کو پنشن نہ مل سکی۔ ریلوے ملازمین اور پنشنرز نیشنل بنک کے باہر سراپا احتجاج بن گئے۔ تفصیلات کے مطابق عید میں بس دو یا تین رہ گئے مگر پنشنرز کو ابھی تک ادائیگی نہیں ہو سکی ہے۔ نیشنل بینک کے سامنے اپنی بے بسی کا اظہار کرنے والے بزرگ پنشنرز کی حالت زار ایسے افراد کے ساتھ ہونے والے نارروا سلوک کی کہا نی خود بیان کر رہی ہے۔ 92نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے ایک پنشنر تاج دین نے بتایا کہ وہ تین گھنٹے قطار میں کھڑا رہا۔ جب باری آئی تو اسے معلوم ہوا کہ اس کی پنشن ہی اکاونٹ میں ٹرانسفر نہیں ہوئی‘ وہ عید کیسے منائے گا۔ حکومتی دعووں کے برعکس لمبی قطاریں آج بھی سرکاری بنکوں کے باہر نظر آئیں۔ کسی کا چیک کیش نہ ہوا تو کسی کو حیلے بہانے سے ٹرخا دیا گیا۔ دوسری جانب ریلوے ملازمین اور پنشنرز رقوم نہ ملنے پر مغلپورہ برانچ کے باہر سراپا احتجاج بن گئے۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ حکومت ان کی عید کی خوشیاں خراب نہ کرے اور انھیں پیسے ادا کیے جائیں۔