Friday, March 29, 2024

لاہور ، علی ٹاور میں فائر سیفٹی کے ناقص انتظامات سے آگ لگی

لاہور ، علی ٹاور میں فائر سیفٹی کے ناقص انتظامات سے آگ لگی
September 9, 2018
لاہور (92 نیوز) لاہور کے علاقہ گلبرگ میں ایم ایم عالم روڈ پر واقع ٹاور میں آگ لگی یا لگائی گئی، اس پر تحقیقات جاری ہیں۔ ابتدائی معلومات کے مطابق پلازے میں سیفٹی آلات درست حالت میں تھے نہ ہی سینسر لگائے گئے تھے۔ سابق وزیر اعلیٰ شہباز شریف کے داماد عمران علی کے ٹاور میں لگنے والی آگ جہاں ایک شخص کی جان لے گئی وہیں کئی سوالات بھی اٹھنے لگے۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق ٹاور میں سیفٹی آلات خراب تھے۔ سول ڈیفنس کی جانب سے پلازے کی انتظامیہ کو فائر سیفٹی کے ناقص انتظامات سے متعلق اٹھائیس اگست کو نوٹس بھی جاری کیا گیا جس پر انتظامیہ نے ذرا بھی کان نہ دھرے۔ پلازے میں سیفٹی آلات ٹھیک کروائے گئے اور نہ ہی سینسر لگائے گئے جو آگ کی اطلاع دے سکیں۔ دوسری جانب ریسکیو کی ابتدائی رپورٹ کے مطابق آگ میزونیٹ فلور پر موجود تاروں کے گھچے میں لگی جس کے باعث ٹاور کی تیسری منزل کے تین کمرے متاثر ہوئے۔ رپورٹ کے مطابق پلازے میں واٹر ہائیڈرنٹ اور ہنگامی خارجی راستے موجود ہیں اور پلازے میں کوئی سرکاری دفتر نہیں ہے۔ گزشتہ روز لاہور کے علاقے گلبرگ کے علی پلازہ میں اچانک آگ بھڑک اٹھی، تہہ خانے سے شروع ہونے والی آگ بالائی منزل تک پہنچ گئی، کئی لوگ پلازے میں پھنس گئے، ایک شخص نے جان بچانے کے لئے چھلانگ لگا دی، جو اسپتال پہنچ کر دم توڑ گیا۔ ریسکیو ٹیمیں اور فائر ٹینڈرز بھی پہنچے  تاہم آگ کے شعلے بڑھتے ہی گئے  ، ہر طرف خوف وہراس پھیل گیا،آگ کی وجہ سے پلازے میں پھنسے والے افراد اپنی جانیں بچانے کی تگ و دو کرنے لگے۔ اسی دوران ایک شخص نے رسی کی مدد سے پلازے سے نکلنے کی کوشش کی تاہم قسمت نے ساتھ نہ دیا  اور دیکھتے ہی دیکھتے عمران ولد اکرام نامی یہ شخص زمین پر آن پڑا  ، جسے شدید زخمی حالت میں سروسز اسپتال پہنچایا گیا مگر وہ جانبر نہ ہو سکا اور موت کی وادی میں چلا گیا۔