Friday, April 19, 2024

لاہور ، شہبازشریف ایک روز قبل ہی نیب میں پیش ہو گئے

لاہور ، شہبازشریف ایک روز قبل ہی نیب  میں پیش ہو گئے
July 4, 2018
لاہور ( 92 نیوز ) صاف پانی اور پنجاب پاور ڈویلپمنٹ کمپنی کیس میں شہباز شریف نیب  میں ایک دن پہلے ہی  پیش ہو گئے ۔سابق وزیر اعلیٰ پنجاب کودونوں کیسوں میں5جولائی کو طلب کیا گیا تھا، نیب نے فواد حسن فواد کو بھی پانچ جولائی کو طلب رکھا ہے۔ سابق وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہبازشریف پنجاب پاور ڈویلپمنٹ کمپنی  اور صاف پانی کمپنی کیس میں نیب کی تحقیقاتی ٹیم کے سامنے پیش ہوگئے ،  ذرائع کے مطابق پیشی کے دوران  نیب کی تحقیقاتی ٹیم  نے سابق وزیر اعلی ٰ سے  دوگھنٹے سے زائد سوالات کیے ۔ شہباز شریف  سے استفسار کیا گیا کہ بحیثیت بورڈ چیئرمین آپ نے صاف پانی پلانٹ کے ٹھیکوں کی منظوری  مہنگے داموں کیوں دی؟، شہباز شریف نے صاف پانی  پلانٹس کی تنصیب میں بدعنوانی کی شکایات کو تسلیم کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے خود بھی اس معاملے کی تحقیقات کی تھیں اور بدعنوانی کے ذمہ دار افسران کے خلاف کارروائی بھی کی تھی۔ نیب حکام نے پوچھا کہ 50 کروڑ میں لگنے والے پلانٹ پرڈیڑھ ارب روپے کس حساب سے خرچ کیے گئے؟،  شہباز شریف نے منطق پیش کی کہ ماہرین کے تخمینے کی بنیاد پر ہی پلانٹس پر اخراجات کی منظوری دی گئی۔ ذرائع کے مطابق نیب ٹیم نےبورڈٖ کی میٹنگز دبئی میں کروانے اور منظورِ نظر افراد کو نوازنے سے متعلق بھی شہباز شریف سے پوچھ گچھ کی، جس کی سابق وزیرِ اعلیٰ نے تردید کر دی۔