Tuesday, April 23, 2024

لاہور: شادی کی تقریب میں دو گروپوں میں گولیاں چل گئیں

لاہور: شادی کی تقریب میں دو گروپوں میں گولیاں چل گئیں
January 4, 2018

لاہور (92 نیوز) لاہورمیں شادی کی تقریب میں دو گروپوں میں گولیاں چل گئیں جس میں ایم این اے ملک افضل کھوکھر اور ایم پی اے سیف الملوک کھوکھر کے بھتیجے سمیت تین افراد جاں بحق اور چھ زخمی ہو گئے۔
لاہور کے علاقے جوہر ٹاون میں شادی کی تقریب میں مقامی سماجی شخصیت نے کھوکھر گروپ اور بھٹی گروپ کو مدعو کر رکھا تھا۔
دونوں گروپوں میں عرصہ دراز سے دشمنی چلی آ رہی ہے۔
شادی ہال میں دونوں گروپوں کا آمنا سامنا ہوا اور توتکار ہوئی جس کے بعد گن مینوں نے ایک دوسرے پر فائرنگ کر دی۔
تقریب میں موجود ایم پی اے سیف الملوک کھوکھر کو گن مینوں نے فائرنگ سے بچا لیا مگر ان کے بڑے بھائی شفیع کھوکھر کے بیٹے عمران سمیت 9 افراد زخمی ہو گئے جنہیں فوری طور پر جناح اسپتال منتقل کیا گیا جہاں عمران شفیع کھوکھر، گن مین خالد اور باراتی یاسین زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے۔
دونوں گروپوں کی جانب سے اندھا دھند فائرنگ سے شادی ہال میں بھگدڑ مچ گئی۔ بچوں اور خواتین نے چیخ و پکار شروع کر دی۔
فائرنگ کے مرکزی ملزم فرار ہو گئے تاہم پولیس نے شادی ہال سے 15 افراد کو اسلحہ سمیت حراست میں لے لیا۔
آئی جی پنجاب نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے سی سی پی او سے فوری رپورٹ طلب کر لی۔