Thursday, September 19, 2024

لاہور ، سیشن کورٹ میں دو گروپوں کے درمیان فائرنگ ، دو وکلاء جاں بحق

لاہور ، سیشن کورٹ میں دو گروپوں کے درمیان فائرنگ ، دو وکلاء جاں بحق
February 20, 2018

لاہور (92 نیوز) لاہور کی سیشن کورٹ میں ناقص سکیورٹی کا پول ایک بار پھر کھل گیا ۔ ایڈیشنل سیشن جج عبدالرحمان توثیر کی عدالت کے باہر دو گروپوں کے درمیان فائرنگ کے تبادلے سے دو وکلاء جاں بحق ہو گئے ۔
وکلا جائیداد کے تنازع کیس کی سماعت کے بعد عدالت سے باہر آئے تھے ۔
تفصیلات کے مطابق ایک گروپ کی فائرنگ سے رانا ندیم اور اس کا کزن اویس طالب ایڈووکیٹ جاں بحق ہو گیا ۔ پولیس نے فائرنگ کے ملزم کاشف راجپوت ایڈووکیٹ کو گرفتار کر لیا ۔
فائرنگ کے نتیجے میں سیشن کورٹ کے داخلی اور خارجی راستے بند کر دیئے گئے اور کیسز کی سماعت روک دی گئی ۔
وزیر اعلیٰ پنجاب شہبازشریف نے فوری نوٹس لیتے ہوئے سی سی پی او لاہور سے رپورٹ طلب کر لی اور چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ نے بھی رجسٹرار سے رپورٹ طلب کر لی ۔
سیشن کورٹ میں ناقص سکیورٹی پر وکلا اور سائلین نے مایوسی کا اظہار کیا ۔
سیشن کورٹ میں ایک ماہ کے دوران فائرنگ کا یہ دوسرا واقعہ ہے ۔ پہلے واقعہ میں فائرنگ سے ایک پولیس اہلکار اورملزم جاں بحق ہو گیا تھا ۔
دوسری طرف چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ محمد یاور علی نے آج سکیورٹی اجلاس طلب کر لیا جس میں سیشن عدالت میں فائرنگ کا جائزہ لیا جائے گا ۔
اجلاس میں آئی جی پنجاب اور سی سی پی او لاہور واقعہ کی رپورٹ پیش کریں گے ۔